یو پی: کانپور میں ضمانت پر رِہا چھیڑ چھاڑ کے ملزمین نے متاثرہ کی ماں کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا
کانپور 18/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) اتر پردیش کے کانپور میں دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک نابالغ لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کے ملزمین نے متاثرہ کی ماں کو اس قدر بے رحمی سے پیٹا کہ وہ موت کی نیند سو گئی۔
مار پیٹ کا معاملہ 9 جنوری کا بتایا جا رہا ہے۔ پولس نے اس سلسلے میں بتایا کہ ضمانت پر رِہا ہونے کے بعد ملزم متاثرہ نابالغ لڑکی کے گھر میں گھس گئے اور اس کی ماں کو دھمکی دیتے ہوئے کیس واپس لینے کے لیے کہا۔ چونکہ متاثرہ کی ماں اس کیس کی اہم گواہ ہے اس لیے انھیں بری طرح ڈرایا اور دھمکایا گیا۔ اس کے باوجود جب ماں نے کیس واپس لینے سے انکار کر دیا تو ملزمین نے پٹائی شروع کر دی۔ ان کے جانے کے بعد زخمی ماں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جن کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔
متاثرہ کی ماں اور اس کی موسی کے ساتھ مار پیٹ کا ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں 5 لوگ متاثرہ کی ماں اور اس کی موسی کو بے رحمی سے پٹائی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ سنگین طور پر زخمی دونوں خواتین کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پولس کا کہنا ہے کہ اس تعلق سے اس نے چار ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔
نابالغ سے چھیڑ چھاڑ کا معاملہ 2018 کا ہے۔ ملزمین کے مطابق کانپور کے چکیری میں پڑوس کے ہی محفوظ اور بابو اپنے ساتھیوں کے ساتھ نابالغ کو سرعام اٹھا کر لے گئے تھے۔ ملزمین نے نابالغ کے ساتھ عصمت دری کی کوشش کی تھی۔ متاثرہ کے والد نے ملزمین کے خلاف پولس تھانہ میں پوکسو ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرایا تھا۔ اس کیس میں لڑکی کی ماں اور اس کی بہن نے گواہی دی تھی جس کے بعد پولس نے کیس درج کرتے ہوئے 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں ملزمین کو ضمانت میں رہائی ملی تھی، جس کے فوری بعد وہ متاثرہ کے گھر پہنچ گئے اور لڑکی کی ماں کو ہی جان سے ماردیا۔