ملپے میں چوری کی واردات ۔ چور اڑالے گئے 7.21 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور زیورات
اُڈپی 25/ اکتوبر (ایس او نیوز) ملپے کے وڈابنڈیشور مندر کے قریب واقع ایک گھر میں چوری کی واردات پیش آئی ہے جس میں چور گھر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئے ہیں اور قیمتی سامان پر ہاتھ صاف کردیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق متعلقہ گھر کی مالکن 16 اکتوبر کو اپنے مکان پر تالا لگا کر بنگلورو میں اپنے بیٹے کے گھر گئی تھی ۔ چوری کی یہ واردات اس کی اس غیر حاضری کے دوران پیش آئی جس کا علم 23 اکتوبر کو واپس لوٹنے کے بعد ہوا ۔
بتایا جاتا ہے کہ چوروں نے داخلی داروازے کا بولٹ توڑ کر اندر داخل ہونے کے بعد بیڈ روم میں موجود الماری سے نقد 70 ہزار روپوں کے علاوہ سونے اور چاندی کے زیورات پر بھی ہاتھ صاف کیا ۔ چوری کیے گئے زیورات اور نقدی کی جملہ مالیت کا اندازہ 7.21 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔
گھر کی مالکن کی طرف سے شکایت ملنے پر ملپے پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔ مزید تحقیق جاری ہے ۔