مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف سماج وادی پارٹی کرے گی مظاہرہ
لکھنؤ،9؍ستمبر (ایس اونیوز؍یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی)صدر اور ریاست کے سابق وزیراعلی اکھلیش یادو کی اپیل پر پارٹی کارکن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کی وجہ سے یکم اکتوبر کو پوری ریاست کےسبھی تحصیلوں پر دھرنا دے گی۔
یادو نے اتوار کو یہا ں جاری بیا ن میں بتایا کہ پارٹی نے 9 اگست کو ریاست میں عوامی مسائل کے سلسلے میں ضلع ہیڈکوارٹر پر پرامن دھرنا دیا تھا لیکن حکومت کے کان پر جوں نہیں ریگیں۔ مسائل کے حل کے بجائے یکم ستمبر سے بجلی کی شرحوں میں اضافہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آمدورفت کی بہتری کے نام پر زبردست جرمانہ وصول کررہی ہے۔
انہوں نے بی جے پی حکومت پر بدلے کے جذبہ سے ممبر پارلیمنٹ اعظم خان کے خلاف کارروائی کا الزام لگایا اور کہا کہ حکومت کے اشارے پر محمد علی جوہر یونیورسٹی کو برباد کرنے کی سازشیں رچی جا رہی ہے۔ ایسی صورت حال میں انہوں نے کہا کہ وہ 11 مطالبوں کے ساتھ مظاہرہ کے ذریعہ بی جے پی حکومت کو جگانے کا کام کرےگی۔
ایس پی صدر نے کہا کہ بی جے پی کسانوں، نوجوانوں، غریبوں سے جو وعدے کرکے اقتدار میں آئی تھی اس نے اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ عوام کو گمراہ کرنے کا ہی کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کسان بدحال ہیں، قرضدار خودکشی کررہا ہے۔ نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں۔ صنعتوں کے بند ہونے کی وجہ سے ملازموں کی چھٹی ہورہی ہے۔ ریاست میں قانون وانصرام کی صورت حال بدحال ہے۔ فرضی انکاؤنٹر ہورہے ہیں۔ بے قصور لوگوں کو پریشان کیا جارہا ہے۔ پارٹی کارکنوں پر جعلی مقدمے دائر کئے جارہے ہیں۔