بنٹوال میں ماحولیاتی انجینئر کی غیر ذمہ دارانہ حرکت۔ ایک ہی تھرمامیٹر سے کئی مریضوں کو بخار چیک کرنے پردی گئی ’وجہ بتاؤ نوٹس‘
بنٹوال،25/اپریل (ایس او نیوز) بنٹوال ٹاؤن میونسپل کاونسل میں ماحولیاتی انجینئر کے طور پر فائز یاسمین سلطانہ نے بہت سارے ٹی ایم سی ملازمین کے جسم کی حرارت ایک ہی تھرمامیٹر سے ناپتے ہوئے نیا تنازع کھڑ ا کیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں ’وجہ بتاؤ نوٹس‘جاری کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بلدیہ کی مذکورہ ماحولیاتی انجینئر نے کووِڈ19کی ابتدائی جانچ کے لئے جسمانی حرارت ناپنے کاکام منھ میں رکھنے والے تھرمامیٹر سے لیا ہے۔ جبکہ اس وباء کے لئے تھرمل اسکیانر سے حرارت ناپی جاتی ہے اور منھ میں رکھنے والے تھرمامیٹر کا استعمال نہیں کیا جاسکتا ہے۔ مگر اس انجینئر نے ایک شخص کے منھ میں رکھا ہوا تھرمامیٹر پینے کے پانی میں ڈبو کر دوسرے میں رکھا اور اس طرح کئی فراد کی حرارت ایک ہی تھرمامیٹر سے ناپ لی۔جس سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے اورکچھ لوگ اسے جان بوجھ کر کی گئی حرکت قرار دینے پر تُل گئے ہیں۔کیونکہ بنٹوال کورونا کا ایک ہاٹ اسپاٹ علاقہ ہے اور تاحال اس مرض کی وجہ سے یہاں دو مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔اس کے باوجود انجینئر کی طر ف سے اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ حرکت پر تعجب اور حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔
بنٹوال ٹی ایم سی کی چیف آفیسر لینا بریٹّو نے بتایا کہ یہ کارروائی مذکورہ خاتون انجینئر نے ان کے علم میں لائے بغیر کی ہے۔ اس لئے انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھا گیا ہے کہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کیوں نہیں کی جائے؟ اس کا تحریری جواب دینے کے لئے تین دن کی مہلت دی گئی ہے۔