سعودی کسٹمز حکام نے ہوائی اڈے سے سونا بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
ریاض،26نومبر(آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں کسٹمز حکام نے ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سونے کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق دو افراد کو اسٹیٹ سیکیورٹی سروس کے تعاون سے ہوائی اڈے کے ٹرمینل میں گرفتار کیا گیا۔ ان کے سامان کی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 4،609.7 گرام سونا ملا جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ادھر سعودی عرب میں اسٹیٹ سیکیورٹی اور جنرل کسٹمز اتھارٹی نے مسافروں کی حفاظت اور کسٹم فریٹ کے شعبے میں سیکیورٹی کے انضمام کا معاہدہ کیا ہے۔ اسٹیٹ سیکیورٹی کے چیئرمین عبد العزیز بن محمد الھویرینی اور جنرل کسٹمز اتھارٹی کے گورنر احمد بن عبد العزیز الحقبانی کی موجودگی میں باہمی تعاون کا معاہدہ طے پایا ہے۔