سعودی عرب میں حج قوانین کی خلاف ورزی پر 3 افراد گرفتار
ریاض، 14؍جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی)سعودی عرب میں حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا،جن پر حکام کی جانب سے10ہزار سعودی ریال تقریباً 4 لاکھ 30 ہزار پاکستانی روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے-
حج سکیورٹی فورسز کے بریگیڈیئر جنرل سمیع الشوائخ کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مکمل قانونی کارروائی کی جارہی ہے اور رواں ماہ کی 23 تاریخ تک جس نے بھی بغیر اجازت خانہ کعبہ سمیت عرفات اور دیگر مقدس مقامات پر جانے کی کوشش کی ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی-
سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ حجاج کو 17 اور 18 جولائی کو بس کے ذریعے مکہ مکرمہ لایا جائے گا جہاں وہ مقدس مقامات جانے سے قبل طواف کریں گے-
خیال رہے کہ وزارت حج نے 150 ممالک سے تعلق رکھنے والے منتخب شدہ 60 ہزار سعودی رہائشی افراد کو حج کرنے کی اجازت دی ہے جس کے لیے انہوں نے گزشتہ ماہ آن لائن رجسٹریشن کا انعقاد کیا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے اس بار ان لوگوں کو ترجیح دی گئی ہے جنہوں نے اس سے قبل کبھی حج ادا نہ کیا ہو-