سعودی عرب: 90 روز میں انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں 2200 بستروں کا اضافہ
ریاض،4/جولائی(آئی این ایس انڈیا) سعودی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 90 روز کے دوران مملکت کے تمام علاقوں میں مختلف ہسپتالوں کے اندر انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں 2200 بستروں کا اضافہ کیا گیا۔ یہ اقدام شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کے تحفظ اور سلامتی کے لیے جاری انتہائی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اعلی ترین معیار پر حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کا نفاذ ہے۔
وزارت صحت کے مطابق مملکت نے کرونا پر روک لگانے کے لیے بہت جلد منصوبوں کا آغاز کر دیا تھا۔ اس دوران کیے گئے اقدامات نے کرونا کی وبا کے سبب مرتب ہونے والے اثرات کم کرنے میں واضح کردار ادا کیا۔
سعودی وزارت صحت نے باور کرایا کہ مملکت کی قیادت پوری مقصدیت کے ساتھ کرونا وائرس سے نمٹی ہے۔ اس دوران شہریوں اور مقیمین کی صحت و سلامتی مقدم ترین رہی۔