تمل ناڈو میں گاڑی چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل روکنے کی کوشش میں گری سوار خاتون، ہوئی موت
ولوپورم،11/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) تمل ناڈو کے ولوپورم میں پولیس چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل کو روکنے کی کوشش سے ہوئے حادثہ میں ایک بزرگ خاتون کی جان چلی گئی۔کلاکرچی علاقے میں پولیس شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کو پکڑنے کے لئے چیکنگ کر رہی تھی۔اسی وقت ایک موٹر سائیکل کو روکنے کی کوشش میں پیچھے بیٹھی 63 سالہ خاتون کی سڑک پر گرنے سے موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل سنتوش سمیت 5 پولیس اہلکار گاڑیوں کی چیکنگ کررہے تھے۔اسی وقت موٹر سائیکل پر سوار سیتھل کمار نے بغیر رکے وہاں سے نکلنے کی کوشش کی۔موٹر سائیکل کے پیچھے سیتھل کی ماں بیٹھی تھیں۔پولیس کے مطابق کانسٹیبل سنتوش نے موٹر سائیکل کو روکنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے اس کا ہاتھ اس کی ماں سے ٹکرا گیا۔وہیں سیتھل اور اردگردموجود لوگوں کا کہنا ہے کہ سنتوش نے اس کی ماں کو دھکا دیا تھا جس کی وجہ سے موٹر سائیکل کا توازن بگڑ گیا۔ان کا الزام ہے کہ اسی وجہ سے اس کی ماں سڑک پر گری اور سر پر شدید چوٹ آنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔حادثے کے وقت ماں نے ہیلمیٹ نہیں پہن رکھا تھا۔واقعہ کے بعد گاؤں والوں نے سڑک پر جام لگا دیا۔موقع پر پہنچے سینئر پولیس افسران نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور پانچوں پولیس اہلکاروں کو ولوپورم آرمڈ ریزرو میں ٹرانسفر کر دیا۔اس سے پہلے کویمبٹور میں بھی گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ہوئے حادثہ میں تین نوجوان شدید زخمی ہو گئے تھے۔