شمالی ہند میں بارش کا قہر،دہلی میں 41 سال کا ریکارڈ ٹوٹا،ہماچل میں حالات ابتر، مختلف حادثات میں14 افراد ہلاک

Source: S.O. News Service | Published on 10th July 2023, 10:59 AM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 10/ جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) گزشتہ   کچھ دنوں سے قومی راجدھانی دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں جاری  بارش  اتوار کو قہر اور آفت کے روپ میں برسنے لگی جس کی وجہ سے دہلی میں گزشتہ 40 سال کا ریکارڈ ٹوٹا تو ہماچل میں حالات ابتر ہو گئے۔ شمالی ہند کے بہت سے شہروں اور قصبو ں میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آنے لگا۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ دہلی  اوراین سی آر کے لوگوں کو بارش سے راحت ملنے کی امید نہیں ہے  کیوں کہ پیر اور منگل کو بھی یہاں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔ 

  رپورٹس کے مطابق سنیچر اور اتوار کو  دہلی میں مانسون کے موسم کی پہلی زوردار بارش نے 40سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے قومی راجدھانی کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، درخت اکھڑ گئے، گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور ٹریفک جام ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق  دہلی  میں صرف چند گھنٹوں میں 153 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو1982ء کے بعد سب سے زیادہ ہے۔  دہلی میں مسلسل بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی بھر جانے کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ پانی بھر جانے کے باعث منٹو پل کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ سنیچر کی صبح سے جاری بارش کے باعث وسطی دہلی کے پاش علاقے کناٹ پلیس میں کئی دکانیں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ دیگر کئی بازاروں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے تاجروں اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 

  ہماچل پردیش میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ بارش کے  لئے جاری ریڈ الرٹ کے درمیان ریاست میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ۷؍ افراد کی موت ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں میاں بیوی اور بیٹا بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کی کئی سڑکیں بشمول چار قومی شاہراہیں بند ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ہماچل کے بلاس پور ضلع میں ریکارڈ توڑ بارش ہوئی ہےجس کی وجہ سے چنڈی گڑھ۔ منالی ہائی وے  بند کردیا گیا  ہے۔ ریاست بھر میں بارش کی وجہ سے کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔ بیاس ندی میں طغیانی  ہے  ۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق بلاس پور کے ننگل ڈیم میں 282 ملی میٹر، بلاس  پور میں 224 اوراونا میں 215 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔  اس کے علاوہ لاہول اسپتی میں 122 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ ریاست کے بلاس پور، چمبا، ہمیر پور، کانگڑا، منڈی، سرمور، سولن اور اونا میں بہت زیادہ بارش ہورہی ہے جس سے حالات ابتر بتائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ شملہ میں 80 ملی میٹر، سندر نگر میں 83 ، منالی میں 131 اورچمبا میں 146ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ 

  کلّو کے ڈپٹی کمشنر آشوتوش گرگ نے کہا کہ ضلع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے تمام تعلیمی ادارے2 دن  بند رہیں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے ریڈ الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔    دوسری طرف دہلی میںوزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے شدید بارش کی وجہ سے دہلی میں اسکولی بچوں کی حفاظت کے پیش نظر پیر کو تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

  پہاڑی علاقوں میں لگاتارہورہی بارش کا اثر میدانی علاقوں میں بھی  دکھائی دے رہا ہے۔ اس کی وجہ سے  یوپی کےضلع مرادآباد سے گزرنے والی کوسی ندی کی آبی سطح میں اضافہ ہوا ہے اور رام گنگا کے ساحلی  علاقے میں بسے تقریباً15 سے16گاؤں میں سیلاب جیسے حالات ہیں۔ ہریانہ نے دریائے جمنا میں1.25لاکھ کیوسیک پانی چھوڑا ہے جو اوسط سے بہت زیادہ ہے۔   

 وزیر داخلہ امیت شاہ نے  بارش کی وجہ سے شمالی ہند میں مچے کہرام پر حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پنجاب ، ہریانہ ، اتراکھنڈ، یوپی  اور ہماچل کے وزراء اور افسران سے گفتگو کی۔

ایک نظر اس پر بھی

اگنی ویر اسکیم فوج کے خلاف ہے، اقتدار میں آئے تو پھاڑ کر کوڑے دان میں پھینک دیں گے: راہل گاندھی

لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے دہلی میں ہونے والے چھٹے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل انتخابی مہم سے دہلی کی سیاسی فضا انڈیا الائنس کے حق میں نظر آ رہی ہے۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے اپنی پوری طاقت لگا دی ہے۔

کسان تحریک کو مودی حکومت نے کیا نظر انداز، پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں کو ایم ایس پی چھین لینے کی دھمکی!

وزیر اعظم مودی کے آج ہریانہ اور پنجاب میں جلسوں سے خطاب کرنے سے قبل کانگریس نے ان پر پر حملہ بولا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کئی سوال پوچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے گزشتہ 5 سالوں سے ہریانہ، پنجاب اور اتر پردیش کے کسانوں کی تحریک کو مسلسل نظر انداز کیا ...

ووٹر ٹرن آؤٹ شیئر کرنے کے لیے کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے، سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کا حلف نامہ

الیکشن کمیشن نے بدھ  کو سپریم کورٹ میں داخل کیے گئے ایک حلف نامے میں کہا ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد دینے والے فارم سی 17 کی تفصیلات کو عام نہیں کیا جا سکتا اور اس سے ملک میں افراتفری پھیل سکتی ہے۔

تیجسوی یادو کو کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے گرفتار، سی ایم کجریوال کا بڑا دعوی

لوک سبھا انتخابات 2024 کے چھٹے مرحلے کے تحت 25 مئی کو دہلی کی سات سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ ادھر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر کجریوال نے بدھ  کو کہا کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا وہ پوری اپوزیشن کے لیے ایک پیغام ہے۔عام آدمی پارٹی لیڈر نے کہا ...

الیکشن کمیشن نے جے پی نڈا اور ملکارجن کھرگے کے نام جاری کیں ہدایات

الیکشن کمیشن (ای سی) نے بی جے پی صدر جے پی نڈا اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کو رہنما خطوط دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے دونوں جماعتوں کے صدور کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پارٹیوں کے اسٹار کمپینرز کو اپنی تقریر درست کرنے، احتیاط برتنے کو برقرار رکھنے کے لیے باضابطہ نوٹ جاری کریں۔