لوک سبھا انتخابات: 8؍ ریاستوں کی  58؍ سیٹوں کے لئے انتخابی مہم ختم؛ سنیچر کو ہوگی پولنگ؛ دہلی میں سیکوریٹی کا خاص انتظام

Source: S.O. News Service | Published on 23rd May 2024, 5:14 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 23/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) لوک سبھا انتخابات کے  چھٹے مرحلے میں 8؍ ریاستوں کی  58؍ سیٹوں کے لئے انتخابی مہم  جمعرات کی شام ختم ہوگئی۔ اب  سنیچر 25؍مئی کو  یہاں ووٹ  ڈالے جائیں گے۔چھٹے مرحلے میں دہلی کی  7؍ اوراترپردیش کی14؍سیٹوں پرسب کی نظر رہےگی جبکہ بہار میں بالمیکی نگر، مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، شیوہر، ویشالی، گوپال گنج (ایس سی)، سیوان اور مہاراج گنج میں بھی  ووٹ ڈالے جائیں گے۔لوک سبھا الیکشن کے چھٹے مرحلے میں اترپردیش میں 15؍اضلاع کی 14؍سیٹوں پر انتخابی مہم جمعرات کو اختتام پذیر ہوگئی۔ آخری مرحلے کےلئےسبھی پارٹیوں نے اپنی پوری طاقت لگا دی۔ اس مرحلے میں بی جے پی کی موجودہ ایم پی مینکا گاندھی ، دنیش لال نرہوا کے علاوہ سماجوادی پارٹی کے دھرمیندر یادو سمیت کئی سینئرلیڈروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔

راجدھانی دہلی میں بھی کل سنیچر 25 مئی کوووٹ ڈالیں جائیں گے، یہاں کی تمام  7 لوک سبھا سیٹوں کے لیے پولنگ ہوگی جس  کے لیے سبھی تیاریاں تقریباً مکمل کر لی گئی ہیں۔ ڈی سی پی الیکشن سیل، دہلی پولیس سنجے سہراوت نے اس تعلق سے میڈیا کو کچھ اہم جانکاریاں دیتے ہوئے  بتایا کہ پولنگ مراکز پر مہیا کی جانے والی سہولیات اور سیکورٹی کا خاص انتظام کیا گیا ہے۔  دہلی میں مجموعی طور پر 2628 پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں، جن میں 429 پولنگ مراکز انتہائی حساس ہیں۔ انتخابی عمل کو بہتر انداز میں انجام دینے کے لیے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کے لیے 33 ہزار پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔ سبھی جگہ 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا سکے، اس لیے سی سی ٹی وی بھی لگائے گئے ہیں۔

ڈی سی پی الیکشن سیل کے مطابق پولنگ مراکز پر 33 ہزار پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی جائے گی تاکہ کسی بھی طرح کی انہونی سے بچا جا سکے۔ ان سیکورٹی اہلکاروں کو ملک کی الگ الگ ریاستوں سے بلایا جائے گا جن میں راجستھان، مدھیہ پردیش اور اتراکھنڈ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ 51 پیرا ملٹری کی کمپنیوں کو بھی سیکورٹی انتظامات میں شامل کیا گیا ہے۔ انتخاب کے دن 17 ہزار 500 ہوم گارڈس کو بھی تعینات کیا جائے گا جنھیں الگ الگ ریاستوں سے بلایا گیا ہے۔ ساتھ ہی راجدھانی میں پولنگ مراکز کی نگرانی ڈرون سے بھی کی جائے گی۔

دی گئی جانکاری کے مطابق پولنگ مراکز پر ووٹنگ ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن سے ای وی ایم کو اسٹرانگ روم تک بہ حفاظت لے کر جانا الیکشن کمیشن کے لیے چیلنج بھرا عمل ہے۔ اسے ذمہ داری کے ساتھ انجام دیا جا سکے، اس کے لیے  دہلی پولیس اور پیرا ملٹری کے جوان 4 جون تک 24 گھنٹے تعینات رہیں گے۔ ڈی سی پی الیکشن سیل کا کہنا ہے کہ جمہوری ملک میں ووٹنگ ایک تہوار کی طرح ہے۔ اس تہوار کو صحیح انداز میں انجام تک پہنچایا جا سکے، اس کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ انتخاب کو جیتنے اور امیدواروں کو ملک کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے میں ملک کے ووٹرس کا اہم کردار ہے۔ اس لیے ووٹرس کو اپنے خیمے میں ووٹ دینے کے لیے کوئی بھی متاثر نہ کر سکے، اس کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ ووٹرس کو ووٹ کے لیے کسی بھی طرح کا لالچ دے کر اپنی طرف کھینچنے کی کوششوں پر سخت نگاہ رکھی جا رہی ہے۔

دہلی کی  سات سیٹوں کے  علاوہ  اُڈیشہ اسمبلی کے تیسرے مرحلے کا الیکشن بھی ہو گا جس میں 42؍ سیٹوں پر پولنگ کروائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی اُڈیشہ  اسمبلی کے لئے پولنگ مکمل ہو جائے گی۔  لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کی مہم  کے دوران بھی  این ڈی اے اور انڈیا اتحاد دونوں نے  اپنی اپنی برتری  کے بھرپور دعوے کئے۔  چونکہ دہلی کی سیٹیں اہم ہیں اس لئے یہاں عام آدمی پارٹی نے سب سے زیادہ طاقت جھونکی ہے جبکہ بی جے پی لگاتار تیسری مرتبہ یہاں کی تمام سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کررہی ہے۔ 
   دوسری طرف یوپی میں بھی 14؍ اہم سیٹوں پر پولنگ ہے۔ اس تعلق سے یوپی کے چیف الیکشن افسر(سی ای او) نودیپ رنوا نے بتایا کہ چھٹے مرحلے کے تحت سلطانپور، پرتاپ گڑھ، پھولپور، الہ آباد، امبیڈکر نگر، شراوستی، ڈومریا گنج، بستی، سنت کبیر نگر، لال گنج، اعظم گڑھ، جونپور، مچھلی شہر اور بھدوہی  میں پولنگ ہو گی۔ 

یاد رہے کہ 25؍ مئی کی پولنگ کے بعد لوک سبھا انتخابات کا صرف ساتواں اور آخری مرحلہ باقی رہ جائے گا جو کہ یکم جون کو ہوگا۔ 4؍ جون کا ووٹوں کی گنتی ہوگی اور انتخابات کے نتائج ظاہر کئے جائیں گے۔ 

ایک نظر اس پر بھی

نیٹ پرچہ سوالات افشاء کیس، امتحان سے ایک دن پہلے پیپر ملنے کا انکشاف

بہار پولیس کے معاشی جرائم یونٹ (ای او یو) نے جو نیشنل ایلجبلیٹی کم انٹرنس ٹسٹ (نیٹ۔ یوجی) 2024ء میں پرچہئ سوالات کے افشاء کی تحقیقات کررہی ہے، ہفتہ کے روز 11 امیدواروں کو نوٹسیں روانہ کی ہیں، جن پر اس جرم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

آندھرا کے سابق وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی کے گھر پر چلا بلڈوزر، غیر قانونی تعمیر کی شکایت کے بعد میونسپل کارپوریشن کی کارروائی

 آندھرا پردیش میں نئی ​​حکومت کی حلف برداری کے بعد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور وائی ایس آر سی پی کے صدر جگن موہن ریڈی کے حیدرآباد میں واقع گھر پر بلڈوزر کے ذریعے انہدامی کارروائی انجام دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، میونسپل کارپوریشن نے یہ ...

نیٹ امتحان منسوخ کرنے کے مطالبہ پر پٹنہ میں طلبا کا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج

 این ای ای ٹی (نیٹ) امتحان میں مبینہ گڑبڑی کو لے کر طلباء میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ہفتہ کو سینکڑوں طلباء اس امتحان کو منسوخ کرنے کے مطالبہ پر سڑکوں پر اترے اور زبردست مظاہرہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق احتجاجی طلباء ہٹانے کے لئے پولیس کو طاقت کا استعمال ...

نیٹ پیپر لیک معاملہ: بہار میں اب تک 14 اور گجرات میں 5 ملزمین گرفتار

نیٹ (این ای ای ٹی) پیپر لیک اور نقل معاملہ دن بہ دن طول پکڑتا جا رہا ہے۔ روزانہ نئی نئی باتیں سامنے آ رہی ہیں اور اپوزیشن پارٹیاں حکمراں طبقہ پر حملہ آور دکھائی دے رہی ہے۔ اس معاملے میں اب تک بہار اور گجرات سے مجموعی طور پر 19 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

دہلی ہائی کورٹ کا وزیر اعلیٰ کیجریوال کی اہلیہ کو حکم، سوشل میڈیا سے ہٹائی جائے عدالتی کارروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ

  دہلی ہائی کورٹ نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال کو شراب پالیسی سے متعلق کیس میں عدالت کی سماعت کی ویڈیو ریکارڈنگ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔