ہوناور تعلقہ کے ہلدی پور میں ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
ہوناور، 5 / اکتوبر (ایس او نیوز) ہوناور تعلقہ کے ہلدی پور گرام کے عوامی منتخب نمائندوں اور مقامی افراد نے نیشنل ہائی وے 66 توسیعی منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جس کے بعد کمپنی نے مظاہرین کو 15 دن کے اندر نامکمل کام پورا کرنے کا تیقن دیا ۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ جب تک شاہراہ کی توسیع کا نامکمل کام پورا نہیں ہوتا تب تک ٹول وصولی بند کی جانے چاہیے ۔ اس موقع پر بولتے ہوئے گرام پنچایت صدر پشپا مہیش نائک نے کہا کہ آئی آر بی کمپنی سے بار بار اپیل کرنے کے باوجود شاہراہ سے متعلق مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں اس لئے پنچایت اراکین اور مقامی عوام نے احتجاجی دھرنا دیا ہے ۔ گرام پنچایت نائب صدر اجیت نائک نے کہا کہ گزشتہ دو سال قبل شاہراہ پر روشنی کا انتظام کرنے کے لئے آئی آر بی کمپنی سے مطالبہ کیا گیا تھا اس وقت 75% اسٹریٹ لائٹس کا انتظام کیا گیا تھا ۔ اس کے بعد کئی مرتبہ اپیل کرنے کے باوجود نامکمل کام پورا نہیں کیا جا رہا ہے ۔
ریٹائرڈ تحصیلدار وی آر گوڈا نے کہا کہ ٹھیکیدار کمپنی کی طرف سے ہو رہی بدنظمی کی باتیں رکن اسمبلی کے علم میں لائی گئیں مگر ٹھیکیدار کمپنی کو اس کی کوئی پروا نہیں ہے ۔
احتجاجی دھرنے کے مقام پر موجود تحصیلدار روی راج دکشیت اور پولیس افسران نے مظاہرین کو سمجھا بجھا کر مظاہرا ختم کرنے پر راضی کیا ۔ اس موقع پر مظاہرین نے آئی آر بی کمپنی کے افسران اور تحصیلدار کو میمورنڈم پیش کیا ۔ آئی آر بی کے افسر ملیکا ارجن نے احتجاج کر رہے عوام کو یقین دلایا کہ آئندہ 15 دنوں کے اندر شاہراہ کا کام آگے بڑھایا جائے گا ۔