رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل بی جے پی کے نئے ریاستی صدر منتخب
بنگلورو22/اگست (ایس او نیوز) بی جے پی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ نے جنوبی کینرا سے تین مرتبہ رکن پارلیمان منتخب ہونے والے نلین کمار کٹیل کو بی جے پی کا ریاستی صدر مقرر کیا ہے۔
اس سے پہلے ریاستی صدر کے فرائض ایڈی یورپا انجام دے رہے تھے اب ان کے وزیراعلیٰ بن جانے کی وجہ سے اس عہدے کے لئے نلین کمار کٹیل کو چن لیا گیا ہے۔نلین کمار کٹیل پیشے سے بلڈنگ کانٹراکٹر ہیں اور 18سال کی عمر سے ہی راشٹریہ سویم سنگھ (آر ایس ایس) کے کارکن رہے ہیں۔ جبکہ انہوں نے بی جے پی سے اپنا سیاسی زندگی کا آغاز 2004میں کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کے ذریعے جس دن 17وزاراء پر مشتمل کابینہ کی تشکیل عمل میں آئی، اسی دن نلین کمار کٹیل کو بھی ریاستی صدر کا عہدہ سونپا گیا ہے۔ نلین کمار نے بی جے پی کے ڈسٹرکٹ جنرل سیکریٹری کے طور پر پانچ سال کے عرصے تک خدمات انجام دی ہیں۔ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے انہوں نے کِنّی گولی فارمرس ایسو سی ایشن نامی تنظیم بھی قائم کی تھی۔