بنیادی سہولتوں کی کمی کے باوجود کاروار کے اسکیٹرس ہوئے نیشنل لیول مقابلے کے لئے منتخب

کاروار 16 / نومبر (ایس او نیوز) کاروار میں رولر اسکیٹنگ کی بنیادی سہولتیں دستیاب نہ رہنے کے باوجود یہاں کے 9 اسکیٹرس ریاستی مقابلہ جیت کر نیشنل لیول کے لئے منتخب ہوگئے ہیں۔
رولر اسکیٹنگ کے مختلف زمروں میں شریش شیشگیری موگیر، پارتھا ہیگڈے، نندن سی، آریئن ہوندل، ویسمئی ونود الویکر،انیول وجیا نندا نائک، انیا ہوندل، آرادھیا مینن اور آہنا نائک کامیاب ہوئے ہیں۔
رولر اسکیٹنگ کا نیشنل چمپیئن شپ کا مقابلہ 10 دسمبر سے چندی گڑھ میں شروع ہوگا جس میں 23 ریاستوں کے کھلاڑی حصہ لیں گے ۔ کرناٹکا سے اس چمپیئن شپ مقابلے میں شریک ہونے والی 23 کھلاڑی کی ٹیم میں کاروار کے 9 اسکیٹرس شامل رہیں گے ۔
کاروار سے نیشنل چمپیئن شپ مقابلوں کے لئے منتخب ہونے والے اسکیٹرس کو کاروار رولر اسکیٹرس ایسو سی ایشن کے صدر راجن باناولیکر نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
منتخب ہونے والے اسکیٹرس کی ٹیم میں شامل ویسمئی الویکر نے کہا کہ کاروار شہر ضلع ہیڈ کوارٹر ہونے کے باوجود یہاں پر اسکیٹنگ کی مشق کرنے کے لئے رِنک (رولر اسکیٹنگ کے لئے مخصوص علاقہ) کی سہولت نہیں ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ اسکیٹنگ کا شوق رکھنے والوں کو اس میدان میں مہارت حاصل کرنے کے لئے رِنک کی سہولت فراہم کرے ۔ منتخب ہونے والی انیول کے والد وجیانندا نے بتایا کہ کاروار کے بچوں میں بے انتہا صلاحیتیں موجود ہیں ۔ عوامی منتخب نمائندوں اور سرکاری افسران کو چاہیے کہ وہ ان بچوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کریں ۔ اسی صورت میں ہمارے بچے نیشنل لیول پر بھی اپنی بہترین صلاحیتوں اور کارکردگی کا مظاہرا کر سکتے ہیں ۔