کمٹہ میں تحصیلدار نے دی پٹاخہ فروشوں کی دکانیں شہر سے باہر منتقل کرنے کی ہدایت
کمٹہ ، 12 / اکتوبر (ایس او نیوز) دیوالی تہوار کے موقع پر پٹاخہ فروشی کا بازار گرم ہونے کے پس منظر میں کمٹہ تحصیلدار ستیش گوڈا نے شہر میں پٹاخے فروخت کرنے والے تین گوکرن کے دو دکانداروں کو اپنی دکانیں شہری علاقے سے دور منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ کل دکانداروں اور افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس میں حال ہی میں بینگلورو اور ہاویری وغیرہ میں پٹاخوں کی وجہ سے پیش آئے حادثات کا حوالہ دیتے ہوئے تحصیلدار نے دکانداروں کو سمجھایا کہ اس طرح کے المناک حادثے روکنے کے مقصد سے شہر کے پٹاخوں کی دکانوں کو بھیڑ بھاڑ والے علاقے سے دور منتقل کرنا ضروری ہوگیا ہے ۔
تحصیلدار ستیش گوڈا نے بتایا کہ شہری علاقے میں دیوالی کے لئے پٹاخہ فروشی کا عبوری انتظام ہائی وے سے متصل مہاتما گاندھی اسٹیڈیم میں کیا گیا ہے ۔ جبکہ گوکرن میں لائسنس یافتہ پٹاخہ فروشوں کے لئے سروے نمبر 594b اور 595e میں عبوری انتظام کیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ تحصیلدار نے اپنی ٹیم کے ساتھ شہر کی پٹاخہ فروخت کرنے والی دکانوں کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود پٹاخوں کا معائنہ کیا ۔