کاروار: فنگر پرنٹس کی مدد سے اڑائی جا رہی ہے بینک کھاتوں سے رقم
کاروار، 14/ اکتوبر (ایس او نیوز) آن لائن جعلسازی کے ذریعے بینک کھاتوں سے رقم اڑانے کے نت نئے طریقے سامنے آ رہے ہیں جن میں او ٹی پی کے بغیر صرف آدھار نمبر اور فنگر پرنٹس ہیاک کرنا اور کھاتے میں موجود رقم پر ہاتھ صاف کرنا شامل ہوگیا ہے ۔
بینکوں کی طرف سے کھاتے دار کو آدھار کارڈ اور فنگر پرنٹس کی شناخت کے ساتھ بینک سے رقم نکالنے، رقم ٹرانسفراور دیگر بنیادی امور انجام دینے کی سہولت مہیا کی جاتی ہے جسے آدھار اینیبلڈ پے مینٹ سسٹم (AEPS) کہا جاتا ہے ۔ اب آن لائن فراڈ کرنے والے جعلساز آدھار نمبر اور فنگر پرنٹس کو ہیاک کرنے لگے ہیں اور اس کی مدد سے بینک کھاتے سے رقم اڑانے لگے ہیں ۔ اس طریقے سے رقم ہڑپنے کے لئے جعلسازوں کو او ٹی پی کی ضرورت نہیں ہوتی ۔
اتر کنڑا ضلع میں اب تک اے ای پی ایس کے ذریعے فراڈ کے تین چار معاملے میں سامنے آئے ہیں جس کی شکایتیں سی ای این پولیس تھانے میں درج کی گئی ہیں ۔