کاروار 29 / جنوری (ایس او نیوز) آنگن واڑی ملازمین کو مختلف قسم کا ڈاٹا بھرنے کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے جو موبائل فون فراہم کیے گئے ہیں اس کو ریچارج کرنے کے لئے الاونس نہ ملنے کی وجہ سے ان کے لئے پریشانی کھڑی ہوگئی ہے ، کیونکہ انہیں اپنی جیب سے یہ رقم خرچ کرنی پڑتی ہے ۔
آنگن واڑی ملازمین کا کہنا ہے کہ روزانہ بہت ساری تفصیلات کا انہیں اندراج کرنا ہوتا ہے ۔ وقت بچانے اور ان کا کام آسان کرنے کے لئے گزشتہ تین سال قبل سرکار کی طرف سے انہیں سمارٹ فون دئے گئے تھے ۔ لیکن گزشتہ چار مہینے سے ان کے فون ریچارج نہیں کیے جا رہے ہیں اس لئے انہیں ہر مہینہ اپنی تنخواہ میں سے یہ رقم خرچ کرنا پڑتا ہے اور اب یہ ان کے لئے ایک بوجھ بن گیا ہے ۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آنگن واڑی سنٹرس پر انہیں بچوں کو سکھانے پڑھانے سے زیادہ وقت موبائل پر ڈاٹا اینٹری کرنے میں ہی گزارنا پڑتا ہے ۔ اس سے بہتر ہے کہ حکومت موبائل فون واپس لے اور رجسٹر میں تفصیلات درج کرنے کا پرانا سسٹم ہی جاری رکھے ۔
اس کے جواب میں وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال لکشمی ہیبالکر نے کہا کہ آنگن واڑی ٹیچروں کو موبائل فون کرنسی لینے کے لئے 6.28 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔ تمام آنگن واڑی ٹیچروں کو 70 ہزار موبائل فون مہیا کرنے کے لئے ہمیں 10 کروڑ روپوں کی ضرورت ہے ۔ اس لئے قانون کے مطابق اس کے لئے ٹینڈر طلب کرنا ضروری ہے .