دہلی-این سی آر میں گرمی سے لوگ پریشان، محکمہ موسمیات نے جاری کیا ہیٹ ویو کا الرٹ
نئی دہلی، 22/مئی (ایس او نیوز/ایجنسی) دہلی-این سی آر میں گرمی کی لہر جاری ہے۔ اتوار کو بھی شدید گرمی کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ساتھ ہی آج اور کل کا درجہ حرارت 43 ڈگری رہنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے پیر کے لیے ہیٹ ویو (لو) الرٹ جاری کیا ہے۔ اب تک لوگوں کو گرمی کی لہر سے راحت مل رہی تھی لیکن اب بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے پسینے چھوٹ جائیں گے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دہلی کے نجف گڑھ میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ نریلا اور پیتم پورہ میں 45 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ آیا نگر میں 44 ڈگری سیلسیس اور پالم میں 43.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا کی رفتار 10 سے 24 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق، 23 سے 27 مئی کے دوران، آسمان عام طور پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کے ساتھ ابر آلود ہو سکتا ہے۔ 23 اور 24 مئی کو راجدھانی دہلی میں گرج و چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جس کی وجہ سے درجہ حرارت بالترتیب 39 اور 36 ڈگری تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وہیں، 26 اور 27 مئی کو بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔