کورونا کی مہلک وباء سے حفاظت کیلئے کووڈ ٹیکہ لینے جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی کی اپیل
دیوبند،19؍جنوری(ایس او نیوز؍راست)کورونا کی مہلک وباء میں تیزی سے اضافہ ہونے کی صورت حال کے مدنظر جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے ایک اپیل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی جانو ں کی حفاظت کیلئے ویکسی نیشن کرانا ضروری ہے-
انہوں نے کہا کہ اس مہلک بیماری سے حفاظت کا واحد حل ویکسین لینا ہے- مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ہمارے ملک ہی میں نہیں بلکہ دنیا کے تمام ممالک میں کورونا اور اومیکرون ویری ینٹ سے لوگوں کی حفاظت کا واحد راستہ ویکسی نیشن ہی ہے -انہوں نے کہا کہ جو لوگ ویکسی نیشن کو لیکر خدشات کا اظہار کررہے ہیں اس کی کوئی ٹھوس بنیاد نہیں ہے اسلئے عوام کو چاہئے کہ وہ افواہوں اور ویکسین سے متعلق بے بنیاد باتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ویکسین لینے کو ترجیح دیں-
مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ اس سے پہلے بھی دنیا میں ایسی بہت سی مہلک بیماریاں آچکی ہیں جن سے حفاظت اور لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے حکومت نے ادویات اور ٹیکے مہیا کرائے ہیں -
انہوں نے کہا کہ اگر کورونا جیسی خطر ناک بیماری سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کیلئے ویکسی نیشن کی ضرورت ہے تو اس پر ہر شخص کو عمل کرنا چاہئے-