دبئی:28؍ جنوری(ایس اؤ نیوز ) دبئی میں واقع ایمریٹس نیشنل ایکوا کلچر (ENA) نے کامیابی سے 600 ٹن کے اپنے ابتدائی ہدف کو حاصل کرنے کے بعد اپنی سمندری بریم (مخصوص مچھلی) کی پیداوار کو سالانہ 2,400 ٹن تک بڑھانے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے اپنی پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ ENA کا خلیج عمان میں دیبا، الفجیرہ میں مچھلیوں کی پیداواری اور اس کی افزائش کا کیج فارم موجود ہے۔ اور وہاں اعلیٰ معیار کی یوروپی سمندری بریم تیار کی جارہی ہے، جو کہ کمپنی کے اپنے برانڈ کے تحت متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں فروخت کیے جاتے ہیں۔
ایمریٹس نیشنل ایکوا کلچر کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد ملک کے رہنماؤں کے وژن کی حمایت کرنا اور اسے آگے بڑھانا ہے اور اسی مقصد کے تحت سمندری خوراک کی حفاظت کو بہتر بنانے اور UAE میں سمندری غذا کی طلب اور رسد کے فرق کو ختم کرنے کے لیے پائیدار آبی زراعت کو ترقی دی جارہی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے پاس اس وقت سمندری غذا کی فی کس سب سے زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔ جس کے مطابق سالانہ تقریباً 28 کلوگرام فی شخص کے برابر ہے۔ ENA کا مقصد ملک کے آبی زراعت کے شعبے کو بڑھانے کے لیے درکار بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا اور اس میدان میں معلومات کو بہم پہنچانا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ کمپنی نے یواے ای میں پچھلے چاردہوں سے زیادہ کا تجربہ رکھنے والے امتیاز عبدالرزاق کالیسکر کی قیادت میں اپنی پیدا وار ی صلاحیت کو بہتر بنانے کےلئے اقدامات کئے ہیں۔ وہیں اس کے مقاصد میں یہ بھی شامل ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہENA ملک کی سب سے بڑی آبی زراعت والی کمپنی ہے اور مقامی اورعالمی منڈیوں میں کاشت شدہ سمندری غذا کی مصنوعات کو ایک مستقل اور پائیدار ذریعہ بنانا ہے۔