مہاراشٹرا کا معاملہ ابھی تک نہیں سلجھا؛ پریشان فڑنویس پہنچے آر ایس ایس دفتر، شیوسینا کے تیور ہنوز تلخ
ممبئی، 6؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹر میں شیوسینا کے ساتھ اب تک حکومت تشکیل نہ ہو پانے سے پریشان دیویندر فڑنویس منگل کی دیر شب آر ایس ایس دفتر جا کر آر موہن بھاگوت سے ملاقات کی۔بتایا جارہا ہے کہ تقریباً ایک گھنٹے تک ان دونوں کے درمیان بات چیت ہوئی۔
میٹنگ کو لے کر آر ایس ایس اور بی جے پی کے ذرائع الگ الگ دعوے کر رہے ہیں۔ آر ایس ایس سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ شیوسینا کے ساتھ بات چیت سلجھانے کے لیے دیویندر فڑنویس آر ایس ایس سے مداخلت کرنے کی گزارش کرنے بھاگوت کے پاس گئے تھے۔ شیوسینا بھی چاہتی ہے کہ آر ایس ایس ثالثی کا رول ادا کرتے ہوئے دونوں کے درمیان جاری رسہ کشی کو ختم کرے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں شیوسینا نے ایک خط بھی موہن بھاگوت کو گزشتہ دنوں لکھا تھا۔
دوسری طرف بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کو ہوئی کور کمیٹی کی میٹنگ میں حکومت بنانے کا پورا فارمولہ تیار ہو گیا ہے اور دیویندر فڑنویس اس فیصلے کو آر ایس ایس سربراہ کو بتانے اور حکومت تشکیل دینے کے لیے ان کا آشیرواد لینے گئے تھے۔
جہاں تک شیو سینا کا سوال ہے، وہ لگاتار 50-50 فارمولہ کی بات پر ہی اڑی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ڈھائی سال کے لیے وزیر اعلیٰ عہدہ اسے چاہیے، جبکہ دیویندر فڑنویس ایسا نہیں چاہتے اور یہی وجہ ہے کہ شیوسینا لگاتار اپنے ترجمان ’سامنا‘ میں نہ صرف بی جے پی کے خلاف لکھ رہی ہے بلکہ بی جے پی کا دامن چھوڑ کر کسی دوسرے راستے سے حکومت سازی کا اشارہ بھی دے رہی ہے۔