بھٹکل میں کورونا لاک ڈاون کے چلتے پولس نے شروع کی سختی؛ بیس سے زائد بائک کو ضبط کرنے کے بعد جرمانہ عائد کرکے چھوڑ دیا گیا؛ عوام ناراض؛ اے سی نے دی وضاحت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 4th May 2021, 6:47 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 4مئی (ایس او نیوز)   ریاست کرناٹک میں کورونا لاک ڈاون کے دوران غیر ضروری طور پر  لوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد ہے، صرف ضروری اشیاء کی خریداری یا پھر  ضروری کام کاج کے لئے ہی عام لوگوں کو  گھر سے  باہر نکلنے کی اجازت دی گئی ہے،   لیکن بھٹکل میں کافی لوگ غیر ضروری طور پر  راستوں پر چہل پہل کرنے کی  اطلاعات کے بعد آج منگل کو پولس نے   جانچ سخت کردی اور  صبح کے دس بجتے ہی   مختلف ناکوں پر پولس نے گاڑیوں کو روکنا شروع کردیا اور  بازار میں آنے کی وجہ دریافت کرنی شروع کردی۔ 

بھٹکل اولڈ بس اسٹینڈ پر پی ایس آئی  کوڈگُنٹی اپنے عملہ کے ساتھ کھڑے ہوکر گاڑیوں کو روکنا شروع کیا تو شمس الدین سرکل پر  پی ایس آئی  سوما اچاریہ نے  اپنے اہلکاروں کے ساتھ گاڑیوں کی جانچ شروع کردی۔ پتہ چلا ہے کہ پولس نے  غیر ضروری طور پر راستوں پر گھومنے  کے الزام میں   بیس سے زائد بائک  ضبط کرلی ہیں اور تمام بائک بھٹکل پولس اسٹیشن کے احاطے میں لے جاکر رکھ دئے ہیں۔ بعد میں پولس حکام نے بتایا کہ  تمام بائک سواروں پر جُرمانہ عائد کرکے اور آخری وارننگ دے کر بائک   واپس کردئے گئے ہیں۔

اچانک سواریوں کی  چیکنگ اور بائکوں کو پولس تھانہ لے جانے پر بعض بائک سواروں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ  حکومت نے لاک ڈاون کے دوران    عوام کو صبح چھ بجے سے دوپہر 12 بجے تک  کی راحت دی ہے، اس دی گئی مہلت میں  ہم ضروری کام سے گھروں سے باہر نکلے تھے ، مگر  دوپہر بارہ بجنے سے پہلے ہی  پولس نے ہماری سواریوں کو روک کر ہماری بائک ضبط کرلی ہے۔ عوام نے پولس پر الزام لگایا کہ  انہیں دوپہر 12 بجے سے پہلے بائک روکنے یا بائک ضبط کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے مگر پولس من مانی کررہی ہے اور عوام کو تنگ و ہراساں کررہی ہے۔

واقعے  پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے   بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے بتایا کہ    عوام کو اپنے گھروں میں ہی رہنا چاہئے اور کووڈ گائیڈلائن پر سختی کے ساتھ عمل کرنا چاہئے، البتہ  ضروری کام پیش آنے پر  وہ کبھی بھی گھر سے باہر نکل سکتے ہیں لیکن  باہر نکلنے کی  اصلی وجہ  بتانی ہوگی اور ثبوت کے طور پر ضروری  کاغذات دکھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرناٹک کی جانب سے جو نئی گائیڈلائن جاری کی گئی ہے اس کے مطابق روزمرہ کی ضروری اشیاء  کی خرید وفروخت جس کی پہلے صبح چھ بجے سے صبح دس بجے تک اجازت دی گئی تھی، اُس میں اب ترمیم  کرتے ہوئے صبح چھ بجے سے دوپہر بارہ بجے تک کی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ  صبح چھ بجے سے دوپہر بارہ بجے تک  ضروری اشیاء کی خریدو فروخت کے لئے چھوٹ دینے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلیں گے۔ ان کے مطابق لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنا ہی نہیں ہے، صرف ضرورت کے اعتبار سے  روزمرہ کی ضروری چیزیں  مثلاً  گوشت، مچھلی، دودھ  یا گروسری کا سامان خریدنے کے لئے  ہی باہر نکلنا ہے، اسی طرح  صرف اُن دکانوں کو   ہی دوپہر 12 بجے تک کھولنے کی اجازت  دی گئی ہے جن کو  پہلے صبح  چھ بجے سے صبح دس بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔ 

ایک سوال کے جواب میں اے سی نے بتایا کہ  اگر کسی شخص کو  بینک جانا ہو تو اُس کےلئے ضروری ہوگا کہ وہ  بینک کا پاس بُک  پولس کو بطور ثبوت  پیش کرے، اسی طرح کسی کو  کہیں بھی کسی اہم کام کے لئے  جانا ہو تو ضروری کاغذات دکھا کر  جاسکتے ہیں۔  اے سی نے  بتایا کہ     دی گئی مہلت میں ریڈی میڈ یا  دیگر کپڑوں یا چپل وغیرہ کی  دکانوں   کو کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھیڑ بھاڑ سے  پرہیز کرنا چاہئے اور ایک دوسرے کے ساتھ سماجی فاصلہ برقرار رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کا مطلب ہی یہی ہے کہ  ہمیں ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا ہے تاکہ کورونا کے روز بروز بڑھتے معاملات پرقابو پایا جاسکے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کا ساتھ دیں اور  غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔

اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے بتایا کہ بھٹکل میں  کورونا   کو روکنے یا اس پر  قابو پانے کے لئے جو ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں اس کے لئے سیکٹر آفسرس نامزد کئے گئے ہیں،  اگر کوئی غیر ضروری طور پر راستوں پر گھومتا ہوا پایا جاتا ہے بھلے وہ موٹر بائک پر ہو یا کار پر ہو،   اُن کو روکنے اور سواریوں کو ضبط کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اے سی نے یہ بھی بتایا کہ  گاڑیاں ضبط کرنے کی کاروائی پولس بھی کرسکتی ہے، میونسپل حکام  اور پنچایت حکام بھی کرسکتے ہیں، اس لئے عوام کے لئے ضروری ہے کہ وہ   انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

اے سی نے بتایا کہ کووڈ کے تعلق سے   بھٹکل میں ایک ہیلپ لائن ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے، اور عوام  کووڈ کے تعلق سے  کسی بھی طرح کی مدد چاہتے ہوں تو اس نمبر   08385226422 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

 

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل مسلم اسوسی ایشن ریاض کا اہم فیصلہ؛ ووٹنگ کے لئے بھٹکل جانے والے جماعت کے ممبران کو فری ٹکٹ کا اعلان

  فسطائی طاقتوں کو  برسر اقتدار  پر آنے سے روکنے اورملک  میں جمہوری اقدار کو باقی رکھنے کے مقصد سے    بھٹکل مسلم اسوسی ایشن  ریاض نے محسوس کیا ہے کہ اِس بار کے انتخابات میں   مسلمانوں کی طرف سے صد فیصد ووٹنگ ضروری ہے  اور اس کے لئے ہرممکن قدم اُٹھانے کی ضرورت ہے۔اسی اقدام کے ...

منگلورو میں بی جے پی کارکن نے پولنگ بوتھ کے پاس کیا ہنگامہ - کنداپور میں 'نوٹا' کی مہم زوروں پر

ووٹنگ کے دوران پولنگ بوتھ کے قریب  بی جے پی کارکنوں  کی پہلے پولس پھر صحافیوں کے ساتھ اُس  وقت جھڑپ شروع ہوگئی جب کانگریس امیدوار پدماراج آر پجاری  ایک گھنٹہ تک  ووٹنگ کی قطار میں کھڑے ہونے کے بعد  اپنا ووٹ ڈال کر باہر آرہے تھے۔  واردات  جمعہ صبح کو پیش آئی۔

منڈگوڈ میں ڈاکٹر انجلی نمبالکر  نے کہا : وزیر اعظم صرف من کی بات کرتے ہیں اور جن کی بات بھول جاتے ہیں  

لوک سبھا کے لئے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے منڈگوڈ کے ملگی نامی علاقے میں انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں وزیر اعظم نریندرا مودی نے صرف من کی بات کی ہے اور انہیں کبھی جن کی بات یاد نہیں آئی ۔

اُتر کنڑا میں چڑھ رہا ہے سیاسی پارہ - پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدا رامیا کریں گے ضلع کا دورہ

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے اُتر کنڑا میں سیاسی پارہ پوری قوت سے اوپر کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ اپنے اپنے امیدواروں کے پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے دورے طے ہوئے ہیں ۔

اُتر کنڑا میں آج سے 30 اپریل تک چلے گی عمر رسیدہ، معذور افراد کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی سہولت

ضلع ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے معذورین اور 85 سال سے زائد عمر والوں کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی جو سہولت فراہم کی گئی ہے، اتر کنڑا میں آج سے اس کی آغاز ہو گیا ہے اور 30 اپریل تک یہ کارروائی چلے گی ۔