مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل کی طرف سے ضروری ھدایات؛ صحت کی جانکاری لینے گھر گھر آئیں گے محکمہ ہیلتھ کے ذمہ داران؛ عوام سے تعاون کی اپیل

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 23rd April 2020, 9:34 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 23اپریل (ایس او نیوز)   کوویڈ۔19 وباء کے چلتے ملک بھر میں جو لاک ڈاون چل رہا ہے، اس  کو دیکھتے ہوئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری  عبدالرقیب ایم جے ندوی کی طرف سے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں، عوام الناس سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی اس تعلق سے آگاہ کریں۔ تنظیم کی طرف سے جو ہدایات آئی ہیں، اسے ہو بہو یہاں نقل کیا جارہا ہے:

عوام الناس کو اطلاع دی جاتی ہے کہ حکومت کے محکمہ صحت و خاندانی بہبود ( Dept of health and family welfare)  کی طرف سے آج بتاریخ 23 اپریل 2020 سے شہر کے تمام علاقوں میں گھر گھر جا کر گھر کے افراد کی صحت کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کا پروگرام شروع ہو رہا ہے گھر کے کسی فرد کو سردی بخار سردرد کھانسی اور سانس لینے میں دشواری ہو تو گھر کے ذمہ دار انہیں اس کے بارے میں بتائیں۔

محکمہ صحت کے افراد اور ہر وارڈ کے BLO اور ان کے ساتھ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے نمائندے بھی اس ٹیم میں شامل رہیں گے تاکہ آپ کو اطمینان حاصل رہے۔

ڈپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ مورخہ 21 اپریل ذمہ داران تنظیم کی نشست میں اس مہم کے بارے میں حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر یہ مہم صرف عوام کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کی گئی ہے اس سے گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

عوام الناس سے اس ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور ضروری معلومات انہیں فراہم کرنے کی گذارش ہے
کورونا واۂرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے حکومت کی طرف سے نافذ شدہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا شدہ تکلیف دہ حالات میں عوام الناس کو درپیش ضروری بنیادی مسائل کے حل کے لئے سرکاری انتظامیہ اور پولیس ڈپارٹمنٹ کے اعلی حکام کے ساتھ مسلسل رابطوں اور نشستوں کے ذریعہ تنظیم کی کوششیں جاری ہیں ان کوششوں کی کامیابی کے لئے آپ حضرات  کا مکمل تعاون اشد ضروری ہے۔

اس ضمن میں رمضان المبارک کے مہینے میں عوام الناس کی سہولت کے خاطر اے سی    ڈی وائے یس پی تحصیلدار میونسپلٹی و جالی پٹن پنچایت کے چیف افسران کے ساتھ ذمہ داران تنظیم کی مشترکہ نشست میں مندرجہ ذیل امور طے پائے ہیں:

1) مریضوں کو لے جانے اور لانے کے لئے پہلے سے موجود ایمبولینس کے علاوہ آٹو رکشہ سروس بھی دن رات مہیا رہے گی جس کے لئے ہیلپ لائن نمبر 08385226422 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

2)  مقامی گورنمنٹ ہاسپٹل کے ساتھ ساتھ شہر کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی دن کے علاوہ رات کے اوقات میں بھی سروس جاری رہے گی

3) دودھ ، سبزی، ترکاری، فروٹ مٹن چکن کی کوئی کمی نہیں ہوگی آرڈر ملنے پر مناسب داموں میں انہیں گھر پہنچانے کا اہتمام ہوگا۔

4) حسب ضرورت الیکٹرک الیکٹرانک اور پلمبنگ سے متعلق امور کی انجام دہی کے لئے تنظیم کے توسط سے چند الیکٹریشن اور پلمبرز کے لئے پاس جاری کئے گئے  ہیں  جن کے ذریعہ گھروں میں معقول چارجز کے ساتھ سروس فراہم کی جائے گی۔

5) بھٹکل گورنمنٹ ہسپتال میں کورونا کے معاملوں کا شعبہ علیحدہ ہے اب حسب معمول دیگر بیماریوں کا شعبہ بھی علیحدہ طور پر کام کرے گا لھذا کسی بھی بیماری کے علاج کے لئے گورنمنٹ ہسپتال جا کراستفادہ کیا جا سکتا ہے۔

6)  رمضان المبارک میں منسپلٹی اور جالی پنچایت کے ذریعہ پانی کی سپلائی کسی طرح سے متاثر نہیں ہوگی حسب معمول بروقت پانی سپلائی کیا جائے گا۔

جن علاقوں میں واٹر سپلائی کنکشن نہ ہوں اور کنویں کا پانی بھی دستیاب نہ ہوں ان علاقوں کے لوگ اپنے وارڈ کے میونسپل کونسلر یا پنچایت ممبر کے توسط سے تحصیلدار سے رجوع کر سکتے ہیں ۔

7) شہر کی مساجد کے ائمہ کرام اور مؤذنین کو صرف مساجد سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لئے آمدورفت کے اجازت نامے ( پاس)  لوکل ایڈمنسٹریشن کے ذریعہ جاری کئے جائیں گے اس کے لئے اپنا ایک عدد فوٹو ادھار کارڈ زیرکس کاپی اور ٹو وہیلر ہو تو اس کی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی کاپی اپنے علاقے کے اسپورٹس سینٹرز کے توسط سے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران تک پہنچا دیں انشاءاللہ تنظیم کے ذریعہ انہیں صرف نماز کے اوقات کے لئے پاس فراہم کئے جائیں گے۔

8)  موجودہ لاک ڈاؤن کے ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے پنج وقتہ نماز باجماعت اور تراویح وغیرہ کے سلسلہ میں شہر کے محترم قاضی صاحبان اور تنظیم کے ذمہ داران کی باہمی نشست میں لئے گئے فیصلے کے مطابق قاضی صاحبان کی طرف سے جو ھدایات جاری کی گئی ہیں ان پر مکمل طور پر عمل کریں۔

9) چونکہ لاک ڈاؤن کے ضوابط کورونا وائرس کی خطرناک وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے مقصد سے عوام کی بھلائی کے لئے نافذ کئے گئے ہیں ، لھذا اس پر سختی سے عمل کرنا ہم میں سے ہر ایک کا فرض ہے اگر ہم نے اس میں ذرا سی بھی غفلت اور لا پرواہی برتی تو اس سے لاک ڈاؤن کے نہ ختم ہونے والے سلسلہ کا اندیشہ ہے جو ہمارے لئے مزید پریشانیوں کا باعث بنے گا  لاک ڈاؤن کے ضابطوں کے خلاف ہم سے کسی بھی طرح کی ایسی حرکتیں بالکل سرزد نہ ہوں جس سے پولیس کو ہمارے ساتھ زیادتی کرنے کا موقع ملے ایسی صورت میں ہم خود خطا کار ہونگے ساتھ ہی ساتھ کورونا وائرس پر قابو پانے کی ساری کوششیں رائیگاں جائیں گی

ضروری خدمات کی انجام دہی کے لئے جن افراد کو آمد و رفت کے پرمٹ جاری کئے گئے ہیں ان کے علاوہ تمام افراد اپنے اپنے گھروں کے اندر ہی رہیں بالکل باہر نہ نکلیں

 مخلصانہ التماس :

رمضان کا مبارک مہینہ لاک ڈاؤن کے زمانہ میں آگیا ہے کسی بھی صورت میں اس مہینے کے فیوض و برکات سے محرومی کی راہ نہ اپنائیں اس ماہ مبارک کو  پورے دینی شعور انہماک اہتمام اور احترام و وقار کے ساتھ اللہ کی رضا اور خوشنودی کا ذریعہ بنائیں

گلی کوچوں  اور محلے کے نکڑوں پر جمع رہنے، راستوں پر اور میدانوں میں کھیل کود ، بیکار گپ شپ اور موبائل گیمز وغیرہ بالخصوص ان ایام میں اللہ کو ناراض کرنے اور شیطان ملعون کو خوش کرنے والے کام نہ کریں،  ان امور سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی اس سے باز رکھنے کی کوشش کریں۔

اپنے گھروں میں عبادتوں کا نورانی ماحول قائم کریں اور پانچوں وقت کی فرض نمازیں اہل خانہ کے ساتھ با جماعت ادا کرنے کا مستقل اہتمام کریں  نیز تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار، توبہ و استغفار، اور دعاؤں کی مجلسوں کا اہتمام کیا جائے ان مبارک ایام میں اپنے بچوں کے ہاتھوں میں شیطانی کھلونا ( موبائل) دے کر گھر کے نورانی ماحول کو غارت نہ کریں۔

کسی بھی علاقے میں اور گلی کوچوں میں افطاری کے انواع و اقسام کی غذاؤں کی دکانیں نہ سجائیں اور خرید و فروخت کی گہما گہمی بالکل نہ ہو یہ سارے امور لاک ڈاؤن کے ضوابط کے سراسر خلاف ہیں اس سے پرہیز لازمی ہے۔

کچھ بعید نہیں کہ اللہ رب العزت بڑے بزرگوں، نوجوانوں، ننھے منے معصوم بچوں، مردوں اور عورتوں کی نیتیں اور ادائیں پسند آجائیں اور ہم سبھوں کے لئے رحمت و مغفرت کے ساتھ ساتھ اس موذی کروناوائرس سے گلو خلاصی کے اسباب مہیا فرمادے۔

اس طرف بھی خصوصی توجہ دی جائے

  سوشل میڈیا کے ذریعہ غیر ضروری اور غیر مصدقہ میسج وائرل نہ کیا جائے اس کے ذریعہ بحث و مباحثہ سے گریز کریں یہ چیزیں معاشرے میں غیر ضروری تذبذب اور افراتفری کا باعث بن سکتی ہیں اور ایسی حرکتیں کرنے والے قانون کی گرفت آسکتے ہیں کسی بھی کاروائی کے بارے میں وضاحت درکار ہو تو ذمہ داران سے براہ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اس ماہ مبارک میں ضرورتمندوں کے لئے راشن کٹس کی تقسیم کا انتظام کیا گیا ہے علاقے کے اسپورٹس سینٹرز کے توسط سے یہ کارروائی انجام دی جا رہی ہے

لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں ہماری ریاست کرناٹک کے دیگر علاقوں نیز ملک کی دیگر ریاستوں میں پھنسے ہوئے افراد اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ معقول وجوہات کی بنا پر اپنےعلاقہ کے پولس کمشنروں کی طرف سے بھٹکل واپسی کے سفر کے لئے حاصل کئے جانے والے اجازت نامہ ( permission letter) میں اپنے نام اور ادھار کارڈ نمبر کے ساتھ ساتھ سفر میں شریک اپنے دوسرے ساتھیوں کے نام اور ادھار کارڈ نمبر بھی ضرور شامل کروالیں
ان تفصیلات کے بغیر حاصل شدہ اجازت نامہ دوران سفر چیک پوسٹوں پر ان کے لئے رکاوٹوں کا سبب بنے گا


خیر اندیش
جنرل سکریٹری
مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل
23 /4/2020

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل مسلم اسوسی ایشن ریاض کا اہم فیصلہ؛ ووٹنگ کے لئے بھٹکل جانے والے جماعت کے ممبران کو فری ٹکٹ کا اعلان

  فسطائی طاقتوں کو  برسر اقتدار  پر آنے سے روکنے اورملک  میں جمہوری اقدار کو باقی رکھنے کے مقصد سے    بھٹکل مسلم اسوسی ایشن  ریاض نے محسوس کیا ہے کہ اِس بار کے انتخابات میں   مسلمانوں کی طرف سے صد فیصد ووٹنگ ضروری ہے  اور اس کے لئے ہرممکن قدم اُٹھانے کی ضرورت ہے۔اسی اقدام کے ...

منگلورو میں بی جے پی کارکن نے پولنگ بوتھ کے پاس کیا ہنگامہ - کنداپور میں 'نوٹا' کی مہم زوروں پر

ووٹنگ کے دوران پولنگ بوتھ کے قریب  بی جے پی کارکنوں  کی پہلے پولس پھر صحافیوں کے ساتھ اُس  وقت جھڑپ شروع ہوگئی جب کانگریس امیدوار پدماراج آر پجاری  ایک گھنٹہ تک  ووٹنگ کی قطار میں کھڑے ہونے کے بعد  اپنا ووٹ ڈال کر باہر آرہے تھے۔  واردات  جمعہ صبح کو پیش آئی۔

منڈگوڈ میں ڈاکٹر انجلی نمبالکر  نے کہا : وزیر اعظم صرف من کی بات کرتے ہیں اور جن کی بات بھول جاتے ہیں  

لوک سبھا کے لئے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے منڈگوڈ کے ملگی نامی علاقے میں انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں وزیر اعظم نریندرا مودی نے صرف من کی بات کی ہے اور انہیں کبھی جن کی بات یاد نہیں آئی ۔

اُتر کنڑا میں چڑھ رہا ہے سیاسی پارہ - پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدا رامیا کریں گے ضلع کا دورہ

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے اُتر کنڑا میں سیاسی پارہ پوری قوت سے اوپر کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ اپنے اپنے امیدواروں کے پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے دورے طے ہوئے ہیں ۔

اُتر کنڑا میں آج سے 30 اپریل تک چلے گی عمر رسیدہ، معذور افراد کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی سہولت

ضلع ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے معذورین اور 85 سال سے زائد عمر والوں کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی جو سہولت فراہم کی گئی ہے، اتر کنڑا میں آج سے اس کی آغاز ہو گیا ہے اور 30 اپریل تک یہ کارروائی چلے گی ۔