کانگریس نے پیگاسس کیس پرعدالت کے فیصلے کاخیرمقدم کیا
نئی دہلی،28؍اکتوبر(اہس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے بدھ کو سپریم کورٹ کے مبینہ پیگاسس جاسوسی کیس کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ’ستیہ میو جیتے۔‘‘پارٹی کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والانے ٹویٹ کیاہے کہ بزدل فاشسٹوں کی آخری پناہ گاہ مبینہ قوم پرستی ہے۔ ہم سپریم کورٹ کے ذریعہ جاسوسی کی تحقیقات کے لیے ایک ماہر کمیٹی قائم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔مودی حکومت نے قومی سلامتی کے نام پر توجہ ہٹانے کی شرمناک کوشش کی ہے۔ ستیہ میوا جیتے۔
سپریم کورٹ نے بدھ کو ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو اسرائیلی اسپائی ویئر پیگاسس کے ذریعے ہندوستانی شہریوں کی مبینہ جاسوسی کی تحقیقات کرے گی۔چیف جسٹس این وی رمنا، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے کہاہے کہ تین رکنی کمیٹی کی سربراہی سپریم کورٹ کے سابق جج آر وی رویندرن کریں گے۔سپریم کورٹ نے ماہرین کے پینل سے کہاہے کہ وہ جلد از جلد رپورٹ تیار کرے اور اس معاملے کو آٹھ ہفتوں کے بعد مزید سماعت کے لیے درج کر دیا۔