سی بی آئی نے 1 کروڑ رشوت کے معاملے میں ریلوے کے سینئر اہلکار کو گرفتار کیا
نئی دہلی، 17 جنوری (آئی این ایس انڈیا) سی بی آئی نے اتوار کے روز انڈین ریلوے انجینئرنگ سروس (آئی آر ای ایس) کے ایک سینئر افسر کو ایک کروڑ روپے رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا اور ملک بھر میں 20 دیگر مقامات پر چھاپے مارے۔ عہدیداروں نے یہ اطلاع دی۔
انہوں نے کہا کہ تفتیشی ایجنسی نے 1985 بیچ کے آئی آرایس افسر مہندر سنگھ چوہان کو اس وقت گرفتار کیا، جب وہ شمال مشرقی سرحدی ریلوے (این ایف آر) کے منصوبہ دینے کے بدلے میں رشوت لے رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ افسر آسام کے مالیگاؤں میں واقع این ایف آر ہیڈ کوارٹر میں تعینات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایجنسی نے رشوت کی رقم برآمد کرلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) دہلی، آسام، اتراکھنڈ اور دو دیگر ریاستوں میں 20 مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔