بھٹکل 14 / جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل بلاک کانگریس کی جانب سے بلائی گئی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےبھٹکل بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک نے کہا کہ بی جے پی والے کانگریسی لیڈر شپ کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے اور مختلف مذاہب کے بیچ آگ لگانے کا کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس والے رام کے مخالف نہیں ہیں، لیکن گزشتہ اسمبلی الیکشن میں شکست کا منھ دیکھنے والے بی جے پی کے لیڈران ضلع انچارج وزیر (منکال وئیدیا) کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے میں لگے ہیں ۔ ہندووں کے درمیان ہی پھوٹ ڈال کر حکومت کرنے کی پالیسی اپنا رہے ہیں ۔ بے بنیاد الزامات لگاتےہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ لیکن بی جے پی کا یہ گندی سیاست کا کھیل چلنے والا نہیں ہے ۔
وینکٹیش نائک نے کہا کہ وزیر موصوف نے ایودھیا کے رام مندر میں مورتی کی تنصیب سے پہلے 'منتراکشا' (ہلدی کے پانی میں بھگوئے ہوئے چاول کے دانے، بطور تبرک) عوام میں تقسیم کرنے کے تعلق سے بات کہی تھی ۔ اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے ، کیونکہ ہمارے یہاں پوجا سے پہلے کہیں بھی یہ تبرک بانٹا نہیں جاتا ۔ اب اس بات کو بی جے پی والے توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس تمام مذاہب، ذات پات، طبقات سب کو ایک ساتھ رکھنے والی پارٹی ہے ۔ اپنے اقتدار کے دوران پارٹی نے کسی مذہبی مقام کو نہیں چھیڑا ہے ۔ منکال وئیدیا جب رکن اسمبلی تھے تو انہوں نے مساجد، منادر اور گرجا گھروں کی ترقی کے سلسلے میں کوئی تفریق نہ کرتے ہوئے فنڈ فراہم کیا ۔ منکال وئیدیا نے مذہبی مقامات کے لئے جو فنڈس فراہم کیے تھے اس کے بارے میں کسی بھی اسٹیج پر وہ خلاصہ پیش کرنے کے لئے تیار ہیں ۔
وینکٹیش نائک نے کہا کہ چونکہ ابھی رام مندر پوری طرح تعمیر نہیں ہوا ہے اس لئے چاروں پیٹھ کے شنکر اچاریوں اور کانگریس سمیت کئی پارٹیوں کے لیڈروں نے رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے انتخابی سیاست کے لئے رام مندر کو استعمال کرنا صحیح نہیں ہے ۔
کانگریس کے ضلع نائب صدر راما موگیر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے صدر کو معلومات کی کمی ہے ، جس کی وجہ سے وہ وزیر (منکال وئیدیا) کے بارے میں بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں ۔ ہم سب لوگ رام بھکت ہی ہیں ۔ اب چونکہ الیکشن قریب آ گیا ہے اس لئے اننت کمار ہیگڈے بھی نمودار ہوگئے ہیں ۔ بی جے پی والوں کو بتانا چاہیے کہ ضلع میں رکن پارلیمان کے فنڈ سے کتنے ترقیاتی کام مکمل ہوئے ہیں ۔ کتنا فنڈ استعمال ہوا ہے اور کتنا فنڈ واپس چلا گیا ہے ۔
اس موقع پر ضلع پنچایت کی سابق صدر جئے شری موگیر، مہیلا کانگریس صدر نینا نائک، بلاک کانگریس جنرل سیکریٹری سریش نائک، نارائن نائک، ماستی گونڈا، جگدیش گونڈا، ریوتی نائک، میناکشی نائک وغیرہ موجود تھے ۔