بھٹکل :آنندآشرم پی یوکالج کے متعلم درشن نائک کو پوسٹر میکنگ میں ریاستی سطح پر اول مقام ؛ بنگلور میں گورنر کےہاتھوں دیا گیا ایوارڈ
بھٹکل:25؍جنوری (ایس اؤ نیوز )بنگلورو شہر کے ٹاؤن ہال میں منعقدہ 14ویں قومی یوم ِ رائے دہندگان کے موقع پر اترکنڑا ضلع ایس وی ای ای پی کی جانب سے منعقدہ ضلعی سطح کےپوسٹر میکنگ مقابلے میں اول مقام حاصل کرنےو الے آنند آشرم پی یوکالج بھٹکل کے متعلم درشن مہابلیشور نائک ریاستی سطح پر بھی( پی یو سی لیول میں) اول مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جس کےلئے انہیں بنگلور میں منعقدہ تقریب میں ریاستی گورنر عزت مآب تھاورچند گہلوت نے ایوارڈ سے نوازا ہے۔
اس موقع پر ریاست کے چیف الیکشن آفیسر منوج کمار مینا، چیف کمشنر برہت بنگلورو مہا نگر کارپوریشن تشار گری ناتھ، ڈپوٹی چیف الکٹرول آفیسرس وینکٹیش کمار اور کمار راؤ، ایس وی ای ای پی کے نوڈل آفیسر پی ایس وسترد، کمشنر رام چندرن سمیت دیگر افسران شریک تھے۔
خیال رہے کہ درشن نائک نومبر 2023کو شرالی میں منعقدہ تعلقہ سطح اور 9ڈسمبر کو کاروار میں منعقدہ ضلعی سطح کے مقابلےمیں بھی اول مقام حاصل کرتےہوئے ریاستی سطح کے لئے منتخب ہوئے تھے، اب انہوں نے ریاستی سطح پر بھی اول مقام حاصل کرکے نہ صرف اپنے اسکول بلکہ پورے شہربھٹکل کا نام روشن کیا ہے۔
خیال رہے کہ درشن نائک نے اس سے قبل انجمن ڈگری کالج کے فوریانا مقابلے، سدھارتھ ڈگری کالج کے اُڑان ، گروسدھیندراکالج کے شرسٹی میں بھی حصہ لے کر اول مقام حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی اس کامیابی پر نہ صرف کانوینٹ انتظامیہ بلکہ بھٹکل کے دیگر اداروں کے ذمہ داران اور طلبہ وغیرہ نے مبارکباد پیش کی ہے۔