شہریت ترمیمی بل کو لے کر زبردست احتجاج کے باعث ، بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ نے منسوخ کیا دورہئ ہندوستان
نئی دہلی 12 دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) راجیہ سبھا میں بدھ کو پا س کئے گئے شہریت ترمیمی بل کیخلاف آسام اور تریپورہ میں ہو رہے احتجاج کو دیکھتے ہوئے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے عبد المومن نے اپنا بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا۔ سفارتی ذرائع نے اس کی اطلاع دی ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے پہلے جاری اطلاع کے مطابق اے عبدالمومن کو جمعرات کو شام پانچ بج کر 20 منٹ پر یہاں پہنچنا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ بل کے منظور ہونے کے بعد کے حالات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنے سفر منسوخ کردیا ہے۔ شہریت ترمیمی بل CABبدھ کو راجیہ سبھا میں منظور ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ بل پیر کو لوک سبھا میں منظور ہو چکا تھا، اس نام نہاد بل میں افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان سے مبینہ مذہبی طور پر تشدد کے شکار غیر مسلموں کو بھارتی شہریت دینے کی ’تجویز‘ ہے۔ اس بل کی مخالفت کے باعث آسام اور شمال مشرق کی کئی ریاستوں میں مشتعل احتجاج جاری ہے، انٹر نیٹ بند ہیں، ٹرینوں کی آمد و رفت کو ملتوی کردی گئی ہے، ٹی وی چینلوں کو ہدایات جاری کی گئی ہے کہ پر تشدد مناظر والی تصاویر یا مواد ٹی وی پر نشر نہ کئے جائیں۔