ہاسن 16 / اکتوبر (ایس او نیوز)چار خواتین اور چار بچوں سمیت آٹھ لوگ اُس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک ٹیمپو جس پر یہ لوگ سوار تھے، ایک دودھ سے بھری وین اور سرکاری بس کے درمیان کچل گئی۔ حادثہ اتوار کو صبح کی اولین ساعتوں میں ارسیکیرے تعلقہ کے گاندھی نگر کے قریب پیش آیا۔
پتہ چلا ہے کہ ٹمپو پر سوار سبھی چودہ لوگ دھرمستھلا پوجا پاٹ کی رسم ادا کرنے کے بعد اپنے شہر ارسیکرے واپس لوٹ رہے تھے۔ ٹمپو پر سوار دیگر چھ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ٹراولر ٹمپو پہلے مخالف سمت سے آنے والی ایک دودھ سے بھری وین سے ٹکراگئی، ٹکر لگتے ہی ٹمپو اُلٹ گئی، جس کے فوری بعد ٹمپو کے پیچھے سے آرہی بس کی زد میں آگئی جس کے ساتھ ہی ٹمپو سرکاری بس اور دودھ سے بھری وین کے درمیان میں پھنس کر کچل گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ ٹیمپو کے پرخچے اڑ گئے اور لاشوں کے چیتھڑے بکھر گئے۔ حادثے کے فوری بعد ٹمپو ڈرائیور اور بس ڈرائیور موقع پر سے فرار ہوگئے۔
باناور پولیس اسٹیشن کے افسران اور عملہ نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا اورضروری کاروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔