بھٹکل میں کورونا معاملات میں ہورہا ہے اضافہ؛ آج بھی 64 کی رپورٹ آئی پوزیٹیو؛ بھٹکل میں سات علاقوں کوقرار دیا گیا کنٹیمنٹ زون

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 15th May 2021, 8:43 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 15 مئی (ایس او نیوز) جس طرح ریاست کرناٹک کے ضلع اُترکنڑا میں کورونا کے معاملات میں اب روز بروز اضافہ دیکھا جارہا ہے اور ضلع اُترکنڑا پوری ریاست میں کورونا پوزیٹیو معاملات میں  تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، اُسی طرح بھٹکل میں بھی کورونا کے معاملات میں  تشویش کی حد تک اضافہ دیکھا جارہاہے۔

خبر ہے کہ بھٹکل میں  روزانہ سو سے زائد لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آرہی ہے، لیکن محکمہ ہیلتھ  صحیح اعداد و شمار کو چھپا کر رپورٹ دے رہی ہے، محکمہ ہیلتھ کی جانب سے جاری کردہ آج سنیچر کی رپورٹ کو مانیں تو آج ایک ہی دن  64 لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ  کئی گھرانے ایسے ہیں جن   کو کھانسی، زکام یا بخار ہونے پر  پرائیویٹ  ڈاکٹروں کے  ذریعے علاج کرا رہے ہیں اور اکثر لوگ  ٹھیک بھی  ہورہے ہیں، بھٹکل ہیلتھ  آفسر کی مانیں  تو کورونا کی علامات پائی جانے کے باوجود  بھٹکل کے اکثر لوگ  کورونا کی جانچ نہیں کراتے، سیدھے  پرائیویٹ  اسپتالوں میں پہنچ کر اپنا علاج کراتے ہیں۔ ہیلتھ آفسر کے مطابق   اگر   کسی  کا      علاج کارگر نہیں ہوتا اور اکسیجن لیول میں کمی واقع ہونے لگتی ہے  تو فوراً سرکاری اسپتال کا رُخ کرتے ہیں اور اکسیجن لیول  بتدریج گھٹنے کی وجہ سے اُن کو عین موقعوں پر بچاپانا مشکل ہوجاتا ہے۔ ہیلتھ آفسر کے مطابق ابتدائی علامات ظاہر ہوتے ہی صحیح   علاج کیا جانا چاہئے  اور کورونا وائرس کو لنس کے اندر پہنچنے سے پہلے  ہی ختم کرنا چاہئے۔

ضلع بھر میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے اب اُترکنڑا میں  کورونا لاک ڈاون کو لے کر سختی برتے جانے  کی باتیں  بھی کہی جارہی   ہیں اور پتہ چلا ہے کہ  ضلعی حکام نے تعلقہ انتظامیہ کو حکم دیتے ہوئے    سرکاری ہدایات پر سختی کے ساتھ عمل کرنے کے احکامات  دئے  ہیں۔

بھٹکل     کے  سات علاقے کنٹیمنٹ زون میں تبدیل:   بھٹکل میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے آج سنیچر کو  سات علاقوں کو  کنٹیمنٹ زون   میں تبدیل کیا گیا ہے۔ سات میں چھ علاقے بھٹکل کے مضافاتی علاقے ہیں ۔

ذرائع نے بتایا کہ  ماولّی ٹو گرام پنچایت  کے  کوڈسول،  شرالی  گرام پنچایت کے دو علاقے چتراپور اور  نیل کنٹھا،  کائیکنی گرام پنچایت کے تین علاقے  بستی،  باکڑ کیری اور کُومبار کیری اور بھٹکل ٹاون میونسپل حدود کی ڈی پی کالونی۔ کو کنٹیمنٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان علاقوں کو  گیٹ لگاکر بندکردیا گیا ہے اور یہاں  کے لوگوں کو   روزمرہ کی ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے بھی   اپنے علاقہ  سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے  ۔

ہوم کورنٹائن کے گھروں پر پوسٹرس:    سرکاری  رپورٹ کو مانیں تو آج جن 64 لوگوں کی رپورٹ  کورونا پوزیٹیو آئی ہے، اُن میں  59 لوگوں کو ہوم کورنٹائن  میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، آج کی رپورٹ کے ساتھ ہی بھٹکل میں جملہ  291 لوگ ہوم کورنٹائن میں ہیں اور ہوم کورنٹائن والوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تاکید کے ساتھ آج سنیچر سے   ان تمام کے مکانوں کے باہر پوسٹرس چسپاں کئے گئے ہیں جس میں لکھا گیا ہے کہ    متعلقہ گھر کے افراد کو  باہر جانے پر پابندی عائد  کی گئی ہے، اسی طرح ان کے گھر پر دوسروں کو بھی جانے کی اجازت نہیں ہے۔

موبائل کلینک کو مل رہا ہے اچھا ریسپاونس:    مجلس اصلاح و تنظیم،  انڈین نوائط فورم اور گلف کونسل  کی مشترکہ کوششوں سے  بھٹکل میں   جو موبائل ہیلتھ کلینک قائم کی گئی ہے،  اس سے بھٹکل کےعوام خوب فائدہ اُٹھارہے ہیں۔  اس تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے   انڈین نوائط فورم کی طرف سے غفران لنکا نے بتایا کہ حکومت کی نئی گائیڈلائن کے مطابق اب کسی بھی مرض کے علاج کے لئے   کورونا ٹیسٹ کرنا ضروری نہیں ہے، پہلے یہ قانون تھا کہ  کورونا رپورٹ نیگیٹیو آنے پر ہی  ڈاکٹر  ہاتھ لگاتے تھے اور علاج کرتے تھے، اب حکومت نے    مانا ہے کہ لوگ کورونا ٹیسٹ کو لے کر خوف میں مبتلا ہوتے ہیں اور اپنا علاج بھی نہیں کراتے اس لئے کورونا ٹیسٹ  کے بغیر ہی علاج کرانے اور اسپتالوں میں داخلہ دینے کی منظوری دی ہے۔  غفران لنکا نے بتایا کہ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن  اور علاقہ کے اسپورٹس سینٹروں کے تعاون سے    موبائل کلینک کے ذریعے ہم ہر روز الگ الگ محلوں کا دورہ کررہے ہیں   اور جہاں جہاں لوگ بیمار ہیں،اُن کے گھروں میں جاکر ہم جانچ کررہے ہیں اور مرض کے حساب سے دوائیں دی جا رہی ہیں۔

بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے بتایا کہ  پہلے دن  قدوائی روڈ ،دوسرے دن مخدوم کالونی کا  دورہ کیا گیا۔ پھر عید اور جمعہ کو چھٹی کی گئی ۔ آج تیسرے دن  پورورگہ کا دورہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  گلف کونسل کی طرف سے  معائنہ اور دیگر  جانچ مفت کی جارہی ہے تو بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی طرف سے  مفت دوائیاں دی جارہی ہیں اس طرح پورا علاج مفت میں کیا جارہا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو میں بی جے پی کارکن نے پولنگ بوتھ کے پاس کیا ہنگامہ - کنداپور میں 'نوٹا' کی مہم زوروں پر

ووٹنگ کے دوران پولنگ بوتھ کے قریب  بی جے پی کارکنوں  کی پہلے پولس پھر صحافیوں کے ساتھ اُس  وقت جھڑپ شروع ہوگئی جب کانگریس امیدوار پدماراج آر پجاری  ایک گھنٹہ تک  ووٹنگ کی قطار میں کھڑے ہونے کے بعد  اپنا ووٹ ڈال کر باہر آرہے تھے۔  واردات  جمعہ صبح کو پیش آئی۔

منڈگوڈ میں ڈاکٹر انجلی نمبالکر  نے کہا : وزیر اعظم صرف من کی بات کرتے ہیں اور جن کی بات بھول جاتے ہیں  

لوک سبھا کے لئے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے منڈگوڈ کے ملگی نامی علاقے میں انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں وزیر اعظم نریندرا مودی نے صرف من کی بات کی ہے اور انہیں کبھی جن کی بات یاد نہیں آئی ۔

اُتر کنڑا میں چڑھ رہا ہے سیاسی پارہ - پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدا رامیا کریں گے ضلع کا دورہ

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے اُتر کنڑا میں سیاسی پارہ پوری قوت سے اوپر کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ اپنے اپنے امیدواروں کے پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے دورے طے ہوئے ہیں ۔

اُتر کنڑا میں آج سے 30 اپریل تک چلے گی عمر رسیدہ، معذور افراد کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی سہولت

ضلع ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے معذورین اور 85 سال سے زائد عمر والوں کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی جو سہولت فراہم کی گئی ہے، اتر کنڑا میں آج سے اس کی آغاز ہو گیا ہے اور 30 اپریل تک یہ کارروائی چلے گی ۔