اڈپی ،12 / جولائی (ایس او نیوز) ضلع کے شیروا میں جیویلری کے دکانداروں کے ساتھ دھوکہ دہی کے کئی معاملے پیش آئے ہیں جس میں مبینہ طور پر ایک خاتون شامل ہے جو پہلے زیورات کی دکانوں کے مالکان سے فون پر رابطہ قائم کرتی ہے اور پھر جلد ہی بل ادا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کی مدد سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات خرید لیتی ہے ۔ اس کے بعد رقم ادا کرنے کا نام نہیں لیتی ۔
پولیس کے پاس درج کروائی گئی ایک شکایت کے مطابق زیورات کے کاروباریوں کو لاکھوں روپوں کا چونا لگانے والی خاتون کا نام فریدہ ہے ۔
شیروا کے رہنے والے گنیش نے پولیس کے پاس درج کروائی گئی شکایت میں بتایا ہے کہ وہ 'نیو بھارگوی جیویلرس' کے نام سے زیورات کی دکان چلاتا ہے ۔ امسال 8 اور 11 مارچ کے دوران ملزم خاتون نے فون پر رابطہ کیا اور بات چیت کرتے ہوئے اس کا اعتماد جیتا ۔ پھر اس نے جلد ہی قیمت ادا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے افضل سمیت اس کے دو ساتھیوں کے ذریعے اس کی دکان سے 69.165 گرام وزنی 1.78 لاکھ روپے مالیت کے مختلف قسم کے زیورات خریدے ۔ گنیش کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے تا حال زیورات کا بل ادا نہ کرتے ہوئے اس کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔
مبینہ طور پر ملزم خاتون کی جانب سے کچھ اسی طرح کے دھوکہ دینے معاملے کروپا جیویلرس کے انوش، پشپا جیویلرس کے شری ہرشا وغیرہ کے ساتھ بھی پیش آئے ہیں، جس میں خاتون نے ان دکانداروں سے فون پر رابطہ قائم کرکے پہلے ان کا اعتماد حاصل کیا پھر اس کے بعد جلد ہی زیورات کی قیمت ادا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اپنے ساتھیوں کے ذریعے دکانوں سے منگوائے ، لیکن تا حال کسی کو رقم ادا نہیں کی ہے ۔