اُڈپی 21 / نومبر (ایس او نیوز) اُڈپی پولیس نے پاکستان کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں کوچین شپ یارڈ کے ملپے یونٹ میں کام کرنے والے دو ملازمین کو گرفتار کرلیا ہے ، جن کی شناخت روہت اور سنتری کے طور پر کی گئی ہے جو اتر پردیش کے رہنے والے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملپے میں واقع اس شپ یارڈ میں یہ دونوں سشما میرین پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے کنٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمت کر رہے تھے ۔
خیال رہے کہ کوچین شپ یارڈ کا صدر دفتر کیرالہ میں ہے اور یہ جہاز سازی کا ایک بڑا ادارہ ہے جو ہندوستانی بحریہ کے لیے ٹگ ویسلز کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ گاہکوں کے لیے بحری جہازوں کی تعمیر کا کام کرتا ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ دونوں گزشتہ ڈیڑھ سال سے جہاز سازی اور بحری آلات سے متعلق خفیہ معلومات پاکستان کو منتقل کر رہے تھے ۔
روہت اس سے پہلے کیرالہ میں کام کرتا تھا ۔ اس نے مبینہ طور پر پیسے کے عوض وہاٹس ایپ کے ذریعے خفیہ جہازوں کی فہرستیں اور حساس معلومات شیئر کی تھیں ۔ ملپے شپ یارڈ میں تعینات ہونے کے بعد وہ اور اس کے ساتھی نے مبینہ طور پر مالی فائدے کے لیے پاکستان کو خفیہ ڈیٹا فراہم کرنا جاری رکھا ۔
معلوم ہوا ہے کہ کوچین شپ یارڈ کے سی ای او کی طرف سے درج کرائی گئی باضابطہ شکایت کے بعد گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں ۔ اڈپی پولیس نے ملزمین کو اپنی تحویل میں لے کر عدالت میں پیش کیا ۔
اڈپی ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہری رام شنکر نے کہا کہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے خطرہ سمجھے جانے والے اس معاملے میں جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے قومی تفتیشی ایجنسیاں بشمول این آئی اے، تحقیقات میں شامل ہوسکتی ہیں ۔