اُڈپی، 27؍ ستمبر (ایس او نیوز): ایک چونکا دینے والی واردات میں اے کے ایم ایس ٹورز اینڈ ٹراویلز کے مالکوں میں سے ایک سیف الدین کو ملپے میں قتل کرنے کی واردات پیش آئی ہے۔ واقعہ سنیچر صبح پیش آیا۔
اطلاع کے مطابق منی پال میں ٹرانسپورٹ کاروبار سے وابستہ سیف الدین پر اُس وقت حملہ کیا گیا جب نامعلوم افراد تلواروں سے اُن پر ٹوٹ پڑے۔ ذرائع کے مطابق اس حملے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
اُڈپی ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ہری رام شنکر نے جائے وقوع کا دورہ کرنے اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صبح تقریباً 10 سے 11 بجے کے درمیان اے کے ایم ایس بس مالک سیف الدین کی نعش اُن کے کوڈاوور والے مکان سے برآمد ہوئی۔ اُن کے خلاف 18 مقدمات درج تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تین افراد نے اُن پر گھر میں ہی حملہ کیا۔ پتہ چلا ہے کہ حملہ آور خود انہی کی کمپنی میں کام کرتے تھے۔
ایس پی کے مطابق قتل کی اصل وجہ اور پس پردہ عناصر کی تفصیلات ملزمین کو حراست میں لینے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ حملے میں ’تلوار‘ کا استعمال کیا گیا اور نعش پر کئی مقامات پر گہرے زخم پائے گئے ہیں۔ ملزمین کی شناخت اے کے ایم ایس بس کمپنی کے ڈرائیوروں کے طور پر ہوئی ہے۔