اڈپی، 23 / نومبر (ایس او نیوز) سڑکوں اور گلیوں میں آوارہ کتوں کی دہشت سے نجات دلانے کے سلسلے میں اپنے دفتر میں منعقدہ جائزہ میٹنگ کے دوران ضلع ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے جلد ہی ایک ایکڑ زمین پر مشتمل آوارہ کتوں کو پالنے کا ٹھکانہ قائم کیا جائے گا ۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ آوارہ کتوں کے تعلق سے سپریم کورٹ نے جو ہدایات جاری کی ہیں ان پر عمل پیرائی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں ۔ سڑکوں پر گھومنے آوارہ کتوں کے جھنڈ سے عوام کو درپیش کی تکلیف اور خطرات روکنے کے سلسلے میں ضروری کارروائی کریں اور اس کی رپورٹ جمع کریں ۔
اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ اڈپی سٹی میونسپل کاونسل کی حدود میں آوارہ کتوں کو کھانا فراہم کرنے کے لئے دس مختلف مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مقامی اداروں اور گرام پنچایت حدود میں بھی جتنی جلد ممکن ہو ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے ۔ کھانا فراہم کرنے والوں کو شناختی کارڈ دیتے ہوئے مختص مقامات پر کتوں کو کھانا فراہم کرنے کی ہدایت دیں ۔