اڈپی ،28 / نومبر (ایس او نیوز) آج جمعہ کو سری کرشنا مٹھ میں وزیر اعظم نریندرمودی کی آمد کے تعلق سے زبردست حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت سیکیوریٹی کے لئے ذمہ دار عملے کی نقلی مشق (ماک ڈرِل) اور جانچ کی کارووائی آج جمعرات کو انجام دی گئی۔
اس سے قبل جمعرات کو ضلع ڈپٹی کمشنر سوروپ ٹی کے، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ آف پولس ہری رام کرشنا اور اسپیشل پروٹیکشن گروپ کے ذمہ داران کی نگرانی میں آدی اڈپی ہیلی پیڈ سے وزیر اعظم کے کارواں سے مشابہہ موٹر گاڑیوں کا ایک قافلہ اہم مقامات سے گزرتا ہوا کرشنا مٹھ تک پہنچا۔ اس دوران سیکیوریٹی عملے کی تعیناتی، ہجوم کنٹرول کے نظام اور مٹھ اور اس کے اطراف کے علاقے میں ایمرجنسی ریسپانس گروپ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ضلع ڈپٹی کمشنر سوروپ نےحکم جاری کیا ہے کہ جمعہ 28 نومبر کو وزیراعظم نریندرا مودی جس جس راستے سے گزرنے والے ہیں، اس پورے راستے کے دونوں جانب صبح نو بجے سے دوپہر تین بجے تک تمام دکانیں بند رکھیں۔ اس کے علاوہ سری کرشنا مٹھ، ہیلی پیڈ اور ٹورسٹ بنگلو کے اطراف بھی تمام دکانوں کو بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حفاظتی انتظامات کے ضمن میں 26 نومبر سے 28 نومبر کی شام تک اڈپی شہر کے پانچ کلو میٹر احاطے میں ڈرون اُڑانے پر بھی مکمل پابندی لگاتے ہوئے اس علاقے کو 'نو فلائی ژون' میں تبدیل کیا گیا ہے ۔
وزیر اعظم کے پروگرام میں شامل ہونے والے کسی بھی شخص کو کسی بھی قسم کی بیگ، پانی کی بوتل، جھنڈا، اسٹیکرس، غبارے، پٹاخے اور خالی پالیتھین کی تھیلیاں اپنے پاس رکھنے یا ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ ڈپٹی کمشنر کے حکم میں تبنیہ کی گئی ہے کہ اس ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کڑی قانونی کارروائی کی جائے گی۔