ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / احمد آباد سائبر پولیس کی کارروائی : اڈپی اسکول کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والی ملزمہ چینئی سے گرفتار

احمد آباد سائبر پولیس کی کارروائی : اڈپی اسکول کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والی ملزمہ چینئی سے گرفتار

Tue, 24 Jun 2025 13:05:14    S O News
احمد آباد سائبر پولیس کی کارروائی : اڈپی اسکول کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والی ملزمہ چینئی سے گرفتار

اڈپی ، 24 / جون (ایس او نیوز) شہر کے ایک اسکول کو بم سے اڑانے کی دھمکی والا ای میل بھیجنے والی ملزمہ کو گجرات کی احمد آباد سٹی سائبر کرائم پولیس نے چینئی سے گرفتار کیا ہے ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق ملزمہ کا نام رینی جوشیلدا ہے جو پیشے سے الیکٹریکل انجینئر ہے اور چینئی کی ایک آئی ٹی کمپنی میں سینئر کنسلٹنٹ ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے جعلی ای میل آئی ڈی اور نقلی سوشیل میڈیا پروفائل بنا کر کرناٹکا، مہاراشٹرا ، راجستھان، تملناڈو، کیرالہ، دہلی، بہار، پنجاب، تلنگانہ، مدھیہ پردیش اور ہریانہ کے کئی اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں کا ای میل بھیجا کرتی تھی ۔ اب تک جملہ 21 دھمکی آمیز ای میلس کا پتہ لگایا گیا ہے ۔
    
پولیس کا بیان ہے کہ ملزمہ نے وی پی این، ورچول نمبرس اور ڈارک ویب ٹولس کے ذریعے خوف و دہشت پھیلانے کے مقصد سے دھمکی بھرے ای میل بھیجا کرتی تھی ۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال 3 جون 2025  کے دن صبح کے وقت احمد آباد کے جنیوا لبرل اسکول کوdivijprabhakaraO@gmail.com کے ذریعے دھمکی بھرا ای میل موصول ہوا تھا،  جس کے بعد وشنو بھائی چمن بھائی کھکھاڈیا نے شکایت درج کروائی  تو سرکھیج سائبر کرائم برانچ کی ٹیم حرکت میں آ گئی اور جعلی ای میل کا سراغ لگانے کے لئے تیکنیکی تجزیہ، انسانی ذہانت اور سائبر ٹولس کے استعمال کرتے ہوئے گہری تفتیش کی اور پھر تملناڈو تک پہنچ کر رینی جوشیلدا کو چینئی سے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔
    
اس سے قبل اڈپی کے اسکول کو بم سے اڑانے کی دھمکی میں بھی ملزمہ جوشیلدا کا ہاتھ ہونے کی بات سامنے آنے کے بعد اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اڈپی کے ضلع ایس پی ہری رام شنکر نے کہا :" ہم احمد آباد پولیس سے ملزمہ کو معاملے کی تفتیش کے لئے ہمارے حوالے کرنے کی مانگ کریں گے ۔ ہمیں امید ہے کہ احمد آباد پولیس کی طرف سے ان کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد وہ ملزمہ کو ہمارے حوالے کریں گے ۔"


Share: