بھٹکل 17 / ستمبر (ایس او نیوز) شہر کے مخدوم کالونی علاقے میں واقع پہاڑی پر جنگلاتی علاقے میں مویشیوں کی ہڈیاں پھینکنے کے الزام میں ٹاون پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین کے شناخت چوتھنی علاقے کے رہائشی ریّان عرف محمد رضوان اور مخدوم کالونی کے رہائشی محمد صوان کے طور پر کی گئی ہے ۔ ان ملزمین کے تعلق سے پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دونوں چوری کیے گئے مویشی بھٹکل لاتے تھے اور ان کا گوشت بنانے کے بعد ہڈیوں کو مخدوم کالونی کی پہاڑی پر واقع ٹینک کے اندر پھینکتے تھے۔
سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر نے بتایا کہ کچھ دن پہلے مخدوم کالونی کی پہاڑی پر موجود ٹینک کے اندر بڑے جانوروں کی جو ہڈیاں پائی گئی تھیں اور اس تعلق سے محکمہ جنگلات کے افسر نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی تھی اس کی تحقیقات کے لئے پولیس کی دو ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں.
اس معاملے کی تفتیش کے بعد کارروائی کرتے ہوئے یہ گرفتاریاں ہوئی ہیں۔