ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو کے قریب ریلوے پٹری پر گرگیا پہاڑی تودہ؛ ریل خدمات متاثر؛ لَوکو پائلٹ کی ہوشیاری سے ٹل گیا بڑا حادثہ

منگلورو کے قریب ریلوے پٹری پر گرگیا پہاڑی تودہ؛ ریل خدمات متاثر؛ لَوکو پائلٹ کی ہوشیاری سے ٹل گیا بڑا حادثہ

Sat, 21 Jun 2025 21:18:58    S O News
منگلورو کے قریب   ریلوے پٹری پر گرگیا پہاڑی تودہ؛  ریل خدمات متاثر؛ لَوکو پائلٹ کی ہوشیاری سے  ٹل گیا بڑا حادثہ

منگلورو 21/جون (ایس او نیوز) مینگلور کے قریب دکشن کنڑا کے  یڈکُمری اور شری باگیلو اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے پٹری پر پہاڑی تودہ گرنے سے  ریل خدمات متاثر ہوگئیں جبکہ کنڑا میڈیا رپورٹوں کے مطابق لوکو پائلٹ کی حاضر دماغی نے بڑے حادثے کو ٹال دیا۔ واردات سنیچر کی صبح قریب چار بجے  پیش آیا جس کے بعد  ہاسن کے آگے سکلیشپور۔ سبرامنیا روڈ  ریلوے سیکشن پر ریل خدمات روک دی گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق پانچ گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد  پٹری پر گری ہوئی چٹانوں کو ہٹادیا  گیا اور صبح 9:10  بجے ٹرین سروس دوبارہ بحال کردی گئی۔ 

بتایا گیا ہے کہ جس پٹری پر پہاڑی تودہ گرا، وہ   پٹری بنیادی طور پر مال بردار ٹرینوں کے لیے استعمال ہوتی ہے، تاہم اس وقت ایک ایسی ٹرین اس راستے پر رواں دواں تھی جس میں سینکڑوں مسافر سوار تھے۔ خطرہ اس وقت ٹل گیا جب ٹرین کے لَوکو پائلٹ نے بروقت چٹانوں کو دیکھ کر ٹرین روک دی۔ اگر پائلٹ کی توجہ نہ ہوتی تو ٹرین براہِ راست چٹانوں سے ٹکرا سکتی تھی، جس سے ایک خطرناک حادثہ پیش آ سکتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق، ٹرین نمبر 16511 – کے ایس آر بنگلورو ۔  کنّور ایکسپریس صبح 3:40 بجے کڈگر ولّی اسٹیشن پہنچی، مگر پٹری پر رکاوٹ کے باعث روانگی میں تاخیر ہوئی۔

اسی طرح، ٹرین نمبر 16585 – ایس ایم وی ٹی بنگلورو تا مرڈیشور ایکسپریس،  3:10 بجے سکلیشپور پہنچی،  جبکہ  ٹرین نمبر 07377 – وجے پور تا منگلورو سینٹرل ایکسپریس (خصوصی ٹرین)، 6:26 بجے سکلیشپور پہنچی۔ چٹانوں کے ہٹانے تک ان ٹرینوں کو  روک دینا پڑا۔

ریلوے انتظامیہ نے متاثرہ ٹرینوں کے مسافروں کو پینے کا پانی، ہلکی پھلکی ضیافت اور چائے فراہم کی۔ یہ معلومات جنوب مغربی ریلوے، ہبلی کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر منجوناتھ کنامڈی کی طرف سے دی گئی ہیں۔

مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی ٹرینوں کی حقیقی وقت کی معلومات کے لیے NTES یا ‘Where is My Train’ جیسی ایپس استعمال کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں @RailwaySeva پر ٹویٹ یا ہیلپ لائن 139 پر کال کیا جا سکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ متاثرہ پٹری کو چٹانوں اور ملبے سے صاف کر دیا گیا ہے اور صبح 9:10 بجے کے بعد ٹرین سروس بحال کر دی گئی ہے۔ فی الحال حفاظتی اقدامات کے تحت 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔


Share: