منگلورو، 10 / دسمبر (ایس او نیوز) ریاست کے مختلف مقامات سے شہر میں سیاحت کے لئے آنے والے سیاحوں کے لئے منگلورو ریلوے جنکشن اسٹیشن کے پاس دو پہیہ گاڑیاں کرایہ پر فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے ۔
پہلے سے ہی شہر کے اندر دو پہیہ گاڑیاں کرایے پر فراہم کرنے والے 'اسکوٹس رینٹل' نامی ادارے نے محکمہ ریلوے سے ٹینڈر حاصل کرنے کے بعد منگلورو جنکش کے پاس اپنا کاروبار شروع کیا ہے ۔ جس کے تحت تقریباً 20 بائکس اور اسکوٹرز کرایے پر دینے کے لئے رکھی گئی ہیں ۔ شہر کی سیاحت پر نکلنے والے افراد کے لئے ایک دو پہیہ گاڑی اور کا کرایہ 12 گھنٹے کے لئے 400 روپے ہے ، جبکہ نئی گاڑی کے لئے کرایہ ذرا سا زیادہ ہے ۔
کرایے پر گاڑی لینے کے لئے ڈرائیونگ لائسنس اور آدھار کارڈ کا ہونا لازمی ہے ۔ منگلورو جنکشن پر گاڑی لینے کے بعد اسے منگلورو سینٹرل اسٹیشن کے پاس بھی واپس لوٹانے کا انتظام ہے ۔
اس کے علاوہ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ چند ہی دنوں میں دو پہیہ گاڑیاں دینے کی یہ سہولت منگلورو سینٹرل اسٹیشن پر بھی شروع کی جائے گی ۔