
منگلورو، 7 / ستمبر (ایس او نیوز) گزشتہ مہینے کے آخری ہفتے میں منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے ملزم کو پولیس نے تملناڈو سے گرفتار کر لیا ۔
پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گرفتار شدہ ملزم کا نام سسی کمار (38 سال) ہے جو ویلور کا رہنے والا ہے ۔
یاد رہے کہ 29 اگست کی رات کو کو ایک نامعلوم شخص نے فون کال پر دھمکی دی تھی کہ وہ ایئر پورٹ ٹرمنل کی عمارت کو اگر خالی نہیں کیا گیا تو اسے بم سے اڑا دیا جائے گا ۔ اس کے بعد پورے ایئر پورٹ پر خوف کا ماحول پیدا ہوگیا تھا ۔
اس ضمن میں ایئر پورٹ ٹرمنل کے ڈیوٹی منیجر نے بجپے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کے بعد بھارتیہ نیائے سنہیتا اور سوِل ایوی ایشن سیفٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا تھا ۔
معاملے کی تفتیش کے دوران پولیس کو پتہ چل گیا کہ یہ دھمکی بھری فون کال تملناڈو کے ویلور سے کی گئی تھی ۔ پولیس نے گرفتاری کے بعد ملزم سے پوچھ تاچھ کی روشنی میں بتایا کہ سسی کمار نے منگلورو انٹرنیشنل ہوائی اڈے کو فون پر دھمکی دینے کا اپنا جرم قبول کیا ہے اور اس نے یہ بھی بتایا ہے کہ سوشیل میڈیا سے ملک کے مختلف ہوائی اڈوں کے فون نمبر معلوم کرنے کے بعد اس نے متعدد دھمکی بھرے فون کالس کیے ہیں ۔
پولیس کی تفتیش کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اس کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔