ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : گوکرن کے ایک غار میں مقیم دو بچیوں سمیت روسی خاتون کو باہر نکالا گیا

کاروار : گوکرن کے ایک غار میں مقیم دو بچیوں سمیت روسی خاتون کو باہر نکالا گیا

Sun, 13 Jul 2025 17:52:23    S O News
کاروار : گوکرن کے ایک غار میں مقیم دو بچیوں سمیت روسی خاتون کو  باہر نکالا گیا

گوکرن 13 / جولائی (ایس او نیوز)  گوکرن پولیس نے ایک ڈرامائی ریسکیو آپریشن میں جنگلاتی علاقے میں واقع غار کے اندر رہنے والی ایک روسی خاتون اور اس کی دو کم عمر بچیوں کو باہر نکالتے ہوئے انہیں محفوظ مقام پر پہنچادیا ہے ۔
    
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون اپنی دو بچیوں کے ساتھ اترا کنڑ ضلع میں گوکرن کے نزدیک ایک دور دراز اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات والے علاقے میں رامتیرتھ  پہاڑی کے اوپر جنگل کے غار میں رہتی تھی۔   جس کی شناخت نینا کُوٹینا (40) کے طور پر کی گئی ہے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ 9 جولائی کو شام 5 بجے کے قریب انسپکٹر سریدھر ایس آر کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم کو سیاحوں اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کی جا رہی معمول کی گشت کے دوران پائی  رام تیرتھ پہاڑی کے کنارے پر ایک خطرناک غار کے قریب نقل و حرکت محسوس ہوئی ۔ قریب جا کر دیکھنے پر وہاں روسی خاتون نینا کو اس کی بیٹیوں پریما (6 سال، 7 ماہ) اور اما (4 سال) ایک عارضی رہائش گاہ میں قیام کرتے ہوئے پایا ۔
    
غار کے اندر ایک چھوٹے سے رودر کی مورتی کے پاس مراقبہ اور پوجا میں مصروف نینا نے  پولیس ٹیم کو بتایا کہ وہ گوا سے گوکرن پہنچی تھی اور روحانی تنہائی کی تلاش میں تھی ۔ اس نے شہری زندگی سے الگ ہونے اور فطرت کے قریب ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ تاہم پولیس کو جنگلی جانوروں، زہریلے سانپوں کی موجودگی اور زمین  کھسکنے کے زیادہ خدشات کے پیش نظر اس کے چھوٹے بچوں کی حفاظت کے بارے میں گہری تشویش ہوئی ۔ خاص طور پر اس وجہ سے کہ اسی علاقے میں جولائی 2024 میں پہاڑی کھسکنے کا ایک بڑا واقعہ ہو چکا ہے ۔
    
ابتدائی ہچکچاہٹ کے باوجود  نینا بار بار سمجھانے کے بعد غار چھوڑنے پر راضی ہو گئی ۔ اس کی درخواست پر، اسے کمٹہ تعلقہ کے بنکیوڈلا گاؤں میں ایک 80 سالہ خاتون سنیاسن سوامی یوگرتنا سرسوتی کے زیر انتظام چل رہے ایک آشرم میں منتقل کر دیا گیا    ۔
    
گوکرن کے جنگلاتی علاقے میں نینا کی موجودگی کے تعلق سے شکوک اس وقت پیدا ہوئے جب اس نے مختلف بہانے بناتے ہوئے اپنا پاسپورٹ یا ویزا پیش کرنے سے انکار کر دیا ۔ پولیس کے علاوہ محکمہ بہبودیِ اطفال کے اہلکاروں اور آشرم انتظامیہ کی طرف سے نرمی سے سمجھانے پر اس نے انکشاف کیا کہ اس کے دستاویزات شائد  جنگل کے غار میں گم ہو گئے ہونگے ۔
    
گوکرن پولیس اور محکمہ جنگلات کے افسران کی مشترکہ تلاشی مہم کے نتیجے میں اس کا پاسپورٹ اور ویزا کے کاغذات مذکورہ غار سے برآمد ہوئے ۔ ان دستاویزات کی جانچ سے پتہ چلا کہ در اصل نینا کئی برس پہلے    ایک کاروباری ویزا پر ہندوستان میں داخل ہوئی تھی جس کی میعاد 17 اپریل 2017 کو ختم ہو گئی تھی۔

اپریل 2018 میں گوا  کے پنجی  میں ایف آر آر او کی طرف سے نینا کو ایک ایگزٹ پرمٹ جاری کیا گیا تھا ۔ ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ نیپال کے راستے ملک سے باہر نکلی تھی، لیکن 8 ستمبر 2018 کو وہ دوبارہ ہندوستان میں داخل ہوئی ۔ اس طرح اس کا ویزا کئی سال پہلے ہی ختم ہو گیا تھا ۔

ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک میں مقیم رہنے کی بات سامنے آنے کے بعد نینا اور اس کی بیٹیوں کو حفاظتی تحویل کے لیے کاروار میں محکمہ ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کے چل رہے  خواتین کے استقبالیہ مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔
    
اتر کنڑا ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس غیر قانونی طور پر ملک میں قیام کرنے والی اس روسی خاتون اور بچیوں کی  ملک بدری کے ضمن میں کارروائی شروع  کرنے کے لیے بنگلورو میں غیر ملکیوں کے علاقائی رجسٹریشن آفس (FRRO) کے ساتھ باضابطہ بات چیت شروع کی ہے ۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے نینا اور دو بچیوں پر مشتمل اس فیملی کو بنگلورو میں ایف آر آر او کے حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔


Share: