رانچی 6 نومبر (ایس او نیوز): جھارکھنڈ کے ضلع کھونٹی میں جمعرات کی رات ایک دردناک سڑک حادثے میں چار خواتین اور تین بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ پانچ سالہ ایک بچی شدید زخمی ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار 18 پہیوں والا ٹرک سڑک کنارے جمع لوگوں پر چڑھ گیا۔
یہ حادثہ کرّہ (Karra) تھانہ حدود میں کرّہ۔تورپا شاہراہ پر رات تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک اسکوٹی سوار سڑک سے پھسل کر نیچے جا گرا تھا۔ اسے بچانے اور مدد فراہم کرنے کے لیے مقامی افراد، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جائے حادثہ پر جمع ہوگئے تھے۔
اسی دوران تورپا کی جانب سے آنے والا تیز رفتار ٹرک موڑ کاٹتے ہوئے وہاں موجود لوگوں پر چڑھ گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ چھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ دیا۔ زخمی بچی کو کھونٹی صدر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرک بے قابو ہوکر سڑک کنارے درخت اور حفاظتی دیوار سے ٹکرا گیا۔ ٹرک ڈرائیور اور اس کا کلینر گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔ کھونٹی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رشبھ گرگ نے بتایا کہ پولیس نے ٹرک کو اپنی تحویل میں لے کر مفرور ڈرائیور اور کلینر کی تلاش شروع کردی ہے۔
حادثے کے بعد جمعہ کی صبح مقامی لوگوں نے شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک روک دی۔ مظاہرین نے مفرور ڈرائیور کی فوری گرفتاری، متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے اور حادثات کی روک تھام کے لیے شاہراہ پر اسپیڈ بریکر نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس حادثے نے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کردی ہے، جبکہ مقامی لوگوں نے شاہراہ پر تیز رفتار گاڑیوں کی آمدورفت کو حادثے کی ایک اہم وجہ قرار دیتے ہوئے حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔