بیلتنگڈی، 26 / جولائی (ایس او نیوز) دھرمستھلا میں سیکڑوں نا معلوم لاشوں کو پر اسرار انداز میں ٹھکانے لگانے اور اس علاقے میں انجام دئے گئے جرائم سے متعلق جانچ کے لئے ریاستی حکومت نے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی وہ اپنی جانچ کی کارروائی باضابطہ طور پر شروع کرنے کے لئے دھرمستھلا پہنچ گئی ہے ۔
ایس آئی ٹی میں تحقیقاتی افسر کی حیثیت سے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رینک کے ایک آفیسر کو سونپی گئی ہے اور تحقیقاتی افسر اپنے ساتھیوں کے ساتھ دھرمستھلا پہنچ گئے ہیں ۔ جبکہ ڈی آئی جی انوچیت آج دھرمستھلا پہنچیں گے ۔
بتایا جاتا ہے کہ لاشوں کو ٹھکانے کے تعلق سے نامعلوم شخص کی طرف سے مقامی پولیس اسٹیشن میں جو شکایت درج کی گئی ہے اس سے متعلقہ دستاویزات اور تفصیلات ایس آئی ٹی اپنی تحویل میں لے گی ۔ اس کے علاوہ اس معاملے میں اب تک جو جانچ ہوئی ہے اس کی تفصیلات بھی مقامی پولیس سے حاصل کی جائے گی ۔
خیال رہے کہ دھرمستھلا اور اس کے اطراف میں خواتین اور طالبات کی عصمت دری اور قتل جیسے سنگین جرائم اور لاشوں کو خفیہ طور پر دفنانے یا جلانے کی متعدد وارداتوں کے بارے میں ایک سابقہ صفائی کرمچاری کی طرف سے عدالت میں شکایت درج کروانے کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ایس آئی ٹی کے قیام کا مطالبہ عوامی سطح اور ویمنس کمیشن کی طرف سے کیا جا رہا تھا ۔ اسی پس منظر میں ریاستی حکومت نے ڈی جی پی پرنب موہنتی کی قیادت میں ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی ۔ لیکن ٹیم میں شامل دو آئی پی ایس اور دو نان آئی پی ایس افسران نے اس خصوصی تحقیقاتی ٹیم میں شامل نہ ہونے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ پھر اس کے بعد حکومت کی سمجھانے پر وہ ٹیم میں شامل رہنے پر رضامند ہوئے اور اب اس ٹیم نے اپنی جانچ کا آغاز کر دیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ایس آئی ٹی کے قائد پرنب موہنتی نے انٹرنل سیکیوریٹی شعبہ کے ایس پی جتیندر کمار دیاما آئی پی ایس کو تحقیقاتی افسر (ای او) نامزد کیا ہے ۔ عبوری طور پر ایس آئی ٹی کا دفتر منگلورو میں واقع ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے دفتر میں قائم کرنے کا امکان جتایا گیا تھا جہاں انہیں تفتیش کے لئے درکار تمام سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ڈی جی پی ڈاکٹر سلیم نے ہدایت جاری کی تھیں ۔ مگر اب ملنے والی تازہ معلومات کے مطابق بیلتنگڈی میں پولیس کوارٹرس کی نئی عمارت کے گراونڈ فلور پر موجود دو کمروں پر مشتمل ایس آئی ٹی کا دفتر قائم کرنے کی تیاری کی گئی ہے ۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ارون نے بیلتنگڈی پولیس کو ضروری انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔
پتہ چلا ہے کہ ایس آئی ٹی کے افسران کو اس حساس ترین معاملے کی تفتیش کو انتہائی رازدارانہ انداز میں انجام دینے اور ٹیم کی میٹنگوں، ملاقاتوں اور نقل و حرکت سے متعلق کسی بھی قسم معلومات افشاء ہونے کی گنجائش نہ رکھنے کی سختی کے ساتھ ہدایت دی گئی ہے ۔