بھٹکل، 3 جولائی (ایس او نیوز) صرف 200 روپے کی رقم لے کر سرکاری نوکری کا خواب دکھانے والا شخص 30 سال تک پولیس اور عدالت سے آنکھ مچولی کھیلتا رہا، لیکن بالآخر قانون کے شکنجے سے بچ نہ سکا۔ سرسی رورل پولیس نے طویل تفتیش کے بعد اُسے بینگلورو سے گرفتار کرلیا۔
میڈیا میں آئی رپورٹ کے مطابق ملزم بی کے رام چندرا راؤ، جو بیندور کے میّادی علاقے کا رہائشی ہے، نے قریب تین دہائی قبل ضلع اُترکنڑا کے سرسی کے بیلگری کوپّا گاؤں کے وینکٹیش نامی نوجوان کو سرکاری نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر محض 200 روپے وصول کیے اور پھر ہمیشہ کے لیے غائب ہو گیا۔ متاثرہ نوجوان نے وقت پر پولیس میں شکایت بھی درج کرائی، مگر ملزم عدالت میں پیش ہونے کے بجائے 30 سال تک روپوش رہا۔
پولیس کو حال ہی میں معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ رام چندرا راؤ بنگلورو کے بلی پیٹ علاقے میں موجود ہے۔ اس اطلاع پر ڈی ایس پی گیتا پاٹل، پی آئی منجوناتھ، پی ایس آئی سنتوش کمار اور اشوک راٹھوڑ پر مشتمل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے آخرکار اُسے گرفتار کرلیا۔