ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: خواتین کو مفت بس سفر فراہم کرنے والی شکتی اسکیم کا اہم سنگِ میل: خواتین کے لیے 500 کروڑ مفت بس ٹکٹ تقسیم؛ منگلورو میں خوشی کا ماحول

مینگلور: خواتین کو مفت بس سفر فراہم کرنے والی شکتی اسکیم کا اہم سنگِ میل: خواتین کے لیے 500 کروڑ مفت بس ٹکٹ تقسیم؛ منگلورو میں خوشی کا ماحول

Mon, 14 Jul 2025 17:57:52    S O News
مینگلور: خواتین کو مفت بس سفر فراہم کرنے والی شکتی اسکیم کا اہم سنگِ میل: خواتین کے لیے 500 کروڑ مفت بس ٹکٹ تقسیم؛ منگلورو میں خوشی کا ماحول

منگلورو 14/جولائی (ایس او نیوز): کرناٹک حکومت کی جانب سے خواتین کو مفت بس سفر فراہم کرنے والی مشہور ’شکتی اسکیم‘ نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس کے تحت اب تک ریاست بھر میں خواتین کو دیے گئے مفت بس ٹکٹوں کی تعداد 500 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔

اس موقع پر منگلورو کے KSRTC بس اسٹیشن میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں بسوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا، پوجا کی گئی اور خواتین مسافروں میں مٹھائیاں اور پھول تقسیم کیے گئے۔

یاد رہے کہ یہ اسکیم 11 جون 2023 کو شروع کی گئی تھی، جس کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور ان کی مالی آزادی کو فروغ دینا تھا۔ دو سال کے عرصے میں یہ اسکیم ریاست بھر میں نہ صرف کامیاب ثابت ہوئی، بلکہ متوسط طبقے کی خواتین، طالبات اور دیگر ضرورت مند خواتین کو سفری سہولت فراہم کرتے ہوئے ان کے سماجی و اقتصادی حالات میں بہتری لائی۔

ریاستی قانون ساز کونسل کے رکن آئیون ڈی سوزا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "شکتی اسکیم دنیا کی ایک مثالی اسکیم ہے جو خواتین کی خودمختاری کو فروغ دیتی ہے۔ اس اسکیم نے خواتین کے مالی حالات کو مستحکم کیا ہے، جس کے نتیجے میں وہ سکون کے ساتھ مذہبی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ مقامات کا سفر کر سکتی ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ روزانہ ایک ضلع سے دوسرے ضلع کا سفر کرنے والی مزدور خواتین یا دور دراز اسکولوں و کالجوں میں تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کے لیے یہ اسکیم نہایت سودمند ثابت ہوئی ہے۔

تقریب میں کئی مقامی قائدین اور ذمہ داران موجود تھے جن میں منگلورو تعلقہ گارنٹی عملدرآمد کمیٹی کے صدر سورندر کمبلی، ملکی تعلقہ کے صدر الوین کوٹینو، سابق ارکان اسمبلی جے آر لوبو، ہریش کمار، اور دیگر شامل تھے۔


Share: