ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: اشرف اور رحمٰن قتل کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس ڈی پی ائی کا احتجاج

مینگلور: اشرف اور رحمٰن قتل کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس ڈی پی ائی کا احتجاج

Wed, 09 Jul 2025 12:59:23    S O News

مینگلور ، 9/ جولائی (ایس او نیوز )  پڑوسی ریاست کیرالہ کے وایناڈ کے رہائشی اشرف کے قتل کے ساتھ دکشن کنڑا میں ہوئے عبد الرحمٰن کے حالیہ قتل کے خلاف سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) نے ضلع دکشن کنڑا کے بنٹوال،  بی سی روڈ-کائیکمبا جنکشن پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اور الزام لگایا کہ یہ دونوں قتل منصوبہ بند تھے۔ احتجاجیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان معاملات کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دی جائے، مقتولین کے خاندان کو معاوضہ دیا جائے اور سازش میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی منگلورو دیہی ضلع کے سکریٹری نواز کٹے نے کہا:"اگرچہ کچھ افراد نے ذاتی حیثیت میں مقتولین کے اہل خانہ کی مالی مدد کی ہے، لیکن اس طرح کی انفرادی امداد سے بے قصوروں کے ساتھ انصاف ممکن نہیں ہے۔ دونوں قتل کیسوں کی ایس آئی ٹی کے ذریعے تحقیقات کی جانی چاہیے۔ جو لوگ سازش رچا رہے تھے، ہتھیار فراہم کر رہے تھے، اور قاتلوں کو تربیت دے رہے تھے، اُن سب کو سخت دفعات کے تحت گرفتار کیا جانا چاہیے تاکہ مقتولین کو انصاف ملے۔"

ایس ڈی پی آئی ریاستی قائد عطاء اللہ جوکٹے نے سوال کیا:"ایک راوڈی شیٹر کے قتل کی تحقیقات این آئی اے کے حوالے کی جاتی ہے، مگر معصوموں کے قتل کی تحقیقات ایس آئی ٹی کو کیوں نہیں دی جاتی؟ جو لوگ سوال اٹھاتے ہیں، حکومت اُنہیں نوٹس جاری کر کے ڈراتی ہے۔ سوال کرنے والوں کو Pro-SDPI قرار دے کر دباؤ بنایا جا رہا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ایس ڈی پی آئی عوامی آواز بن کر سامنے آ رہی ہے۔ عوام باشعور ہو چکے ہیں۔ حکومت فوراً ایس آئی ٹی کی تشکیل دے اور مقتولین کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ فراہم کرے۔"

ایس ڈی پی آئی بنٹوال اسمبلی حلقہ کمیٹی کے سکریٹری اکبر علی پوننوری نے کہا:"ہم ہمیشہ دبے کچلے اور مظلوم طبقات کی آواز بنتے رہیں گے۔ ہم بے گناہ اشرف اور رحمن کے قتل کو اتنی آسانی سے فراموش نہیں کریں گے۔ جن مسلم اکثریتی حلقوں سے کانگریس کے مسلم امیدوار جیتے ہیں، وہی نمائندے اگر مسلم عوام کے مسائل پر خاموش رہیں گے تو پھر مسلمانوں کو سوچنا چاہیے کہ آخر انہیں کامیاب کیوں بنایا جا رہا ہے؟"

مظاہرین کی جانب سے حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی، جس پر الزام تھا کہ وہ تحقیقات میں تاخیر کی پالیسی اپنا رہی ہے۔

اس موقع پر ایس ڈی پی آئی منگلورو شہر کے صدر عبد الجلیل، ضلع جنرل سکریٹری جمال جوکٹے، ایس ڈی پی آئی منگلورو دیہی کے نائب صدر منیش علی، جنرل سکریٹری صدیق پتور، منگلورو شہر کے نائب صدر اشرف اڈّور، اور بنٹوال اسمبلی حلقہ کمیٹی کے صدر شاہ الحمید ایس ایچ سمیت پارٹی قائدین، کارکنان اور ہمدردان موجود تھے۔

آخر میں پروگرام کی نظامت اور شکریہ کی رسم ایس ڈی پی آئی منگلورو دیہی ضلع کے سکریٹری اشرف تلپاڈی نے ادا کی۔


Share: