ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سورتکل - ننتھور ہائی وے پر شروع ہوا مرمت کا کام

سورتکل - ننتھور ہائی وے پر شروع ہوا مرمت کا کام

Sat, 09 Aug 2025 19:42:08    S O News
سورتکل - ننتھور ہائی وے پر شروع ہوا مرمت کا کام

منگلورو، 9 / اگست (ایس او نیوز) سورتکل اور ننتھور کے درمیان گہرے گڈھوں سے بھرے ہوئے نیشنل ہائی وے 66 کی مرمت کا کام سات اگست کو شروع ہوا ہے جو 13 اگست تک جاری رہے گا ۔
    
نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عبدالجاوید اجّی نے پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ دن کے وقت صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے درمیان مرمتی کارروائی انجام دی جائَے گی کیونکہ اس وقفے کے دوران میں ہائی وے پر ٹریفک میں کچھ کمی رہتی ہے اور بڑے پیمانے پر ٹریفک جام کا مسئلہ پیش نہیں آتا ۔ اس کے بعد رات کے وقت کام جاری رکھا جائے گا ۔ 
    
مرمت کے اس کام کے دوران سڑک پر بنے ہوئے گڈھوں کو بھرنے ، پیچ ورک کرنے اور ڈرینیج صاف کرنے کی کارروائی انجام  دی جائے گی تا کہ سڑک کی موجودہ حالت کو بدل کر اسے نئی بہتر حالت میں لایا جا سکے  اور موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت میں پیش آ رہی دشواریوں کا ازالہ ہو جائے ۔  
    
خیال رہے کہ پرانے کُولُور پُل پر انٹر لوک  اور اس پر تازہ تارکول کی پرت بچھانے کا کام ابھی ایک ہفتے پہلے ہی میں انجام دیا گیا تھا، مگر سورتکل اور ننتھور کے بیچ مختلف جگہوں پر پرانے گڈھے پھر سے نکل آئے ہیں ۔ اسی پس منظر میں اب پھر سے اس علاقے میں مرمت کا کام شروع کیا گیا ہے ۔
    
کہا جاتا ہے کہ اس وقت جو مرمت کا کام ہو رہا ہے وہ کولڈ پریس تکنیک سے کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے تیز برسات ہونے پر بھی سڑک کو نقصان نہیں پہنچے گا ۔ 
    
اب دیکھنا یہ ہے کہ عارضی طور پر کیا جا رہا پیچ ورک کام کس حد تک کارآمد ہوتا ہے اور عوام کو راحت پہنچانے میں کہاں تک کامیاب رہتا ہے ۔ 


Share: