بھٹکل 13/نومبر (ایس او نیوز): عوامی مسائل کی سماعت اور ان کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کو عوام تک پہنچانے کی غرض سے 14 نومبر بروز سنیچر کو بھٹکل تعلقہ کے بیلکے میں ’پرجا سیوا آندولن‘ (عوامی خدمت مہم) کے تحت ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت بھٹکل۔ہوناور حلقے کے رکن اسمبلی اور کرناٹک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منکال ایس ویدیا کریں گے۔
یہ اجلاس بیلکے گرام پنچایت کے علاقے کانامدلو، بیلکے میں واقع بومن کیری مندر کے کمیونٹی ہال میں صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوگا۔ اتر کنڑا ضلع کے نومنتخب ڈپٹی کمشنر بھویَر ہرشل نارائن راؤ کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے ضلعی سطح کے افسران بھی اس میں شرکت کریں گے۔
اس مہم کا بنیادی مقصد دیہی علاقوں کے عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے اور مختلف محکموں کے درمیان رابطے کی دشواریوں سے بچاتے ہوئے ان کے مسائل کی براہِ راست سماعت کرنا اور متعلقہ افسران کے ذریعے حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔ اس کے تحت عوام کو ایک ہی مقام پر مختلف محکموں کے افسران تک رسائی حاصل ہوگی۔
کن مسائل پر درخواستیں دی جاسکتی ہیں؟
اس اجلاس میں عوام کو درج ذیل مسائل اور سرکاری سہولتوں سے متعلق شکایات پیش کرنے کا موقع ملے گا:
بنیادی سہولتیں: سڑکوں کی خستہ حالی، پینے کے پانی کی قلت، گٹروں اور نکاسی آب کے مسائل اور بجلی سے متعلق شکایات۔
ریونیو اور زمین کے معاملات: زمین کے ریکارڈ، آر ٹی سی (پہنی)، جائیداد کی تقسیم، سرکاری دستاویزات اور دیگر محکمہ مال سے متعلق مسائل۔سماجی بہبود: ضعیف العمری پنشن، بیوہ پنشن، معذوروں کی امداد اور دیگر سرکاری مالی سہولتیں۔
راشن اور سرکاری اسکیمیں: نئے راشن کارڈ، راشن کی فراہمی اور حکومت کی مختلف ضمانتی اسکیموں سے متعلق شکایات۔
صحت اور تعلیم: سرکاری اسپتالوں میں سہولتوں کی کمی، سرکاری اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کے مسائل۔
رہائش اور دیگر امور: سرکاری رہائشی اسکیموں، ٹرانسپورٹ، زراعت، آبپاشی اور دیگر محکموں سے متعلق شکایات۔
کیا ہے پرجا سیوا آندولن ؟
کرناٹک حکومت کی جانب سے شروع کردہ ’پرجا سیوا آندولن‘ دراصل عوامی شکایات کے ازالے اور سرکاری خدمات کو عوام تک پہنچانے کا ایک انتظامی پروگرام ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ معمولی سرکاری کاموں اور شکایات کے لیے لوگوں کو بار بار تعلقہ یا ضلع کے سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں بلکہ مختلف محکموں کے افسران خود عوام کے درمیان پہنچ کر ان کے مسائل سنیں۔
اس پروگرام کے تحت عوام کو پہلے سے درخواست فارم اور ضروری دستاویزات کی فہرست فراہم کرنے، گرام ون مراکز کے ذریعے درخواستیں داخل کرنے اور اجلاس کے مقام پر بھی آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی سہولت فراہم کرنے کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر درخواستوں کی وصولی کے لیے خصوصی کاؤنٹر بھی قائم کیے جاتے ہیں۔
اس پروگرام کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ جو مسائل متعلقہ افسران کے اختیار میں ہوں، انہیں موقع پر ہی حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، جبکہ فوری طور پر حل نہ ہونے والی درخواستیں وصول کرکے متعلقہ محکموں کو مزید کارروائی کے لیے بھیجی جاتی ہیں۔درخواست گزار کو رسید فراہم کرنے اور درخواست پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ رکھنے کا بھی انتظام ہے۔
بھٹکل تحصیلدار اوشا پاوسکر نے بیلکے گرام پنچایت کے علاوہ اطراف کے دیہات کے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے مسائل سے متعلق ضروری دستاویزات اور درخواستوں کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں.