ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 15 نومبر کو اُترکنڑا میں گزٹیڈ پروبیشنرس امتحان؛ 1,970 امیدوار ہوں گے شریک، سخت حفاظتی انتظامات

15 نومبر کو اُترکنڑا میں گزٹیڈ پروبیشنرس امتحان؛ 1,970 امیدوار ہوں گے شریک، سخت حفاظتی انتظامات

Fri, 13 Nov 2026 20:11:11    S O News
15 نومبر کو   اُترکنڑا  میں گزٹیڈ پروبیشنرس امتحان؛ 1,970 امیدوار ہوں گے شریک، سخت حفاظتی انتظامات

کاروار 13/نومبر (ایس او نیوز) اُترکنڑا  ضلع میں 15 نومبر کو منعقد ہونے والے گزٹیڈ پروبیشنرس گروپ اے اور بی عہدوں کے مسابقتی امتحان کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ضلع ڈپٹی کمشنر ہرشل بوئیر نے بتایا کہ امتحان کو کرناٹک پبلک سروس کمیشن (کے پی ایس سی) کی رہنما ہدایات کے مطابق مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد کرنے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جمعہ کو ضلع ڈپٹی کمشنر دفتر میں امتحانی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے بتایا کہ ضلع کے چار امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر 1,970 امیدوار امتحان میں شرکت کریں گے۔ تمام امتحانی کمروں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے ساتھ جیمر اور ویب کاسٹنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ ہر امتحانی کمرے میں دو نگران مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ تمام مراکز کے لیے مبصرین بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ متعلقہ افسران کو دو مرحلوں میں تربیت دی گئی ہے اور امتحانی طریقہ کار سے متعلق ایس او پی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

امیدواروں کی سہولت کے لیے اضافی بسوں کا انتظام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ امتحان کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ کسی امیدوار کی طبیعت خراب ہونے کی صورت میں فوری علاج کی فراہمی کے لیے تمام مراکز پر طبی عملہ تعینات رہے گا۔

ضلع ایس پی دیپن ایم این نے بتایا کہ امتحانی مراکز پر انسپکٹر سطح کے پولیس افسران تعینات کیے جائیں گے۔ امیدواروں کی تلاشی کے دوران موبائل فون سمیت کسی بھی الیکٹرانک آلے کو امتحانی کمروں میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سوالیہ پرچوں اور جوابی پرچوں کی منتقلی کے دوران بھی پولیس تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ امتحانی مراکز کے اطراف زیراکس دکانوں اور سائبر مراکز کو بند رکھنے کے علاوہ 200 میٹر کے دائرے میں امتناعی احکامات نافذ رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے امیدواروں اور ان کے والدین سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور فرضی خبروں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پولیس سوشل میڈیا پر بھی نظر رکھے گی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا بھی موجود تھے۔


Share: