ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : اشرف ماب لنچنگ معاملہ میں پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انکشاف - شدید مارپیٹ سے فیل ہوگئے تھے گردے !

منگلورو : اشرف ماب لنچنگ معاملہ میں پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انکشاف - شدید مارپیٹ سے فیل ہوگئے تھے گردے !

Sat, 26 Jul 2025 16:57:58    S O News

منگلورو،  26 / جولائی (ایس او نیوز) شہر کے مضافات کوڈوپو میں ماب لنچنگ کے نتیجے میں اپنی جان گنوانے والے اشرف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ اس پر جان لیوا حملہ کیا گیا تھا اور دماغ، جگر، گردوں جیسے جسم کے مختلف اہم اندرونی اعضاء پر گہری چوٹ آنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی تھی ۔ 
    
خیال رہے کہ 27 اپریل کو اشرف نامی اس بے قصور انسان کو ہجومی تشدد کے ذریعے قتل کیے جانے پر پورے ساحلی علاقے میں تشویش اور غم و غصہ کی لہر چل پڑی تھی ۔ اس معاملے کو مشکوک موت کے زمرے میں رکھنے اور ماب لنچنگ کے زاوے کو چھپانے کی کوشش کرنے پر بعض پولیس افسران کو معطل بھی کیا گیا تھا ۔
    
فارنسک ماہرین کی ٹیم اور شیما ہاسپٹل ڈیرلکٹہ کے ڈاکٹر مہابلیش شیٹی کی موجودگی میں اشرف کی لاش کا پوسٹ مارٹم 28 اپریل کو ونیلاک ہاسپٹل میں کیا گیا تھا ۔ 
    
وینلاک ہاسپٹل کی فارنسک ماہر ڈاکٹر رشمی کے ایس کی طرف سے باضابطہ طور پر پیش کی گئی فارنسک اور اٹاپسی جانچ کی تفصیلی رپورٹ سے اس بے رحمانہ اور وحشیانہ حملے کی وجہ سے مقتول اشرف کے اندرونی اعضاء پر آنے والی گہری چوٹوں کی رونگٹے کھڑے کرنے والی داستان سامنے آتی ہے ۔
    
پوسٹ مارٹم میں واضح طور پر بتایا گیا ہے اشرف کے جسم پر جو زخم تھے وہ سب تازہ تھے، اس کی موت واقع ہونے سے قبل لگے تھے اور کُند (بغیر دھار والی) چیز سے لگنے والی چوٹ کا نتیجہ تھے ۔ 
    
بیرونی طور پر اس کی کمر، پیٹھ اور کولھوں پر کسی لمبی سخت چیز سے پیٹنے کے گہرے نیلے نشانات کے علاوہ بعض جگہوں پر اندرونی طور پر خون بہنے کے نشان تھے ۔ سر پر چوٹ کی وجہ سے سوجن تھی ۔ پیشانی اور آنکھوں کے اطراف، گال، ناک،  ہونٹ، سینے، دونوں بازووں، کندھوں، کلائیوں، ہاتھوں، رانوں اور گھٹنوں پر بہت ساری چوٹیں موجود تھیں اور بعض جگہ ہلکے زخم بھی تھے ۔
    
اندرونی اعضاء کی حالت جو پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتائی گئی ہے اس کے مطابق چوٹ کی وجہ سے اس کے دماغ میں خون کے بہنے اور سوجن کے آثار موجود تھے ۔ پھیپھڑوں کے اندر بھی چوٹ کی وجہ سے سوجن آ گئی تھی اور خون آلودہ مواد موجود تھا ۔ جبکہ دل صحیح و سالم تھا مگر پیلا پڑ گیا تھا ۔  دونوں گردوں اور جگر کی فطری حالت بدل گئی تھی اور ان میں ٹوٹ پھوٹ کے ساتھ سوجن اور جکڑن موجود تھی اور اس کی وجہ سے گردے ناکام ہوگئے تھے ۔ پیٹ کے اندر دیگر اعضاء جیسے آنتیں، طحال اور مثانہ وغیرہ اپنی اصلی حالت میں تھے مگر ان میں بھی جکڑن موجود تھی ۔ 
    
فارنسک جانچ کے لئے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس نے مشتبہ طور پر حملے کے لئے استعمال ہونے والی جو لاٹھیاں بھیجی تھیں ، اس کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے کہ اشرف کے جسم پر لگی چوٹیں اور زخم انہی لاٹھیوں سے ہونے والے وار اور حملے کے نتیجہ سے میل کھاتی ہیں ۔ 


Share: