ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’آپریشن سیندور‘ کے بعد سفارتی محاذ پر سرگرم حکومت، پاکستان کو بے نقاب کرنے کیلئے آل پارٹی وفود مختلف ممالک روانہ ہوں گے

’آپریشن سیندور‘ کے بعد سفارتی محاذ پر سرگرم حکومت، پاکستان کو بے نقاب کرنے کیلئے آل پارٹی وفود مختلف ممالک روانہ ہوں گے

Sat, 17 May 2025 10:44:55    S O News

نئی دہلی، 17/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)  حکومت ہند نے ’آپریشن سیندور‘ کی کامیابی کے بعد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بے نقاب کرنے کے لیے سفارتی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پاکستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے ہندوستان میں کی جانے والی سرگرمیوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے متعدد کل جماعتی پارلیمانی وفود مختلف ممالک کا دورہ کریں گے۔ ان وفود میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد اراکین پارلیمان کی شمولیت متوقع ہے۔ اگرچہ ان کے دوروں کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں، لیکن یہ اقدام عالمی سطح پر ہندوستان کے مؤقف کو مضبوط بنانے کی کوشش کا حصہ ہوگا۔

حکومت نے یہ فیصلہ آپریشن سیندو ر کے تناظر میں ہندوستان کے بیانیہ کوتقویت پہنچانے اور پاکستان کے ذریعہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی رنگ دینے کی کوششوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کیا ہے۔  وزارت  برائے  امور خارجہ کے تعاون سے    وفود کی روانگی کا سلسلہ آئندہ ہفتے سے شروع ہونے کی توقع ہے۔  یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی حکومت کشمیر اور سرحد پار سے  دہشت گردی جیسے  سیکوریٹی کےحساس معاملے پر قومی موقف کو فروغ دینے کیلئے اراکین پارلیمنٹ کے کثیر الجماعتی وفد کو  استعمال کر رہی ہے۔

 حالانکہ ابھی  وفود کی تیاریوں سے متعلق کوئی تفصیل عام نہیں کی گئی ہے تاہم ذرائع کے حوالے سے ملنےوالی اطلاعات کے مطابق  جن اراکین پارلیمان کو مذکورہ وفود میں شامل کیا جاسکتاہے ان میں کانگریس سے ششی تھرور، منیش تیواری، سلمان خورشید اور امرسنگھ کے نام سرفہرست ہیں جبکہ بی جےپی انوراگ ٹھاکر، اپراجِتا سارنگی اور سامک بھٹا چاریہ کو وفد کا حصہ بناسکتی ہے۔

 پہلگام حملے کے بعد پاکستان کو منہ توڑ جواب دینےوالوں میں ایم آئی ایم کے اسد الدین اویسی سر فہرست  ہیں۔  ذرائع کے مطابق علاقائی پارٹیوں  کے جن لیڈروں کو وفد کا حصہ بنایا جائےگا ان میں اویسی کا نام سب سے اوپرہے۔ 


Share: